نئی دہلی۔ نائب صدر جمہوریہ ہند جناب وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ تیز رفتاری سے تنازعات کو نمٹانے کے لیے آن لائن تنازعہ کے حل کا طریقہ کار قابل ستائش پہل ہے ۔ اس پہل سے تنازعات کو حل کرنے میں مدد ملے گی اور ہندوستان کو ایک سرمایہ کار دوست ملک کے طور پر پیش کر کے مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کا سبب بنے گا اور معیشت مستحکم ہوگی ۔ نائب صدر جمہوریہ کنسٹرکشن انڈسٹری آربٹریشن کونسل (سی آئی اے سی) کے زیر اہتمام آج یہاں ‘‘آن لائن تنازعہ کے حل کا طریقہ کار’’ کے موضوع پر منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزارت قانون و انصاف کے سبکدوش سکریٹری جناب پی کے ملہوترا اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
نائب صدر جمہوریہ نے مذکورہ طریقہ کار کو شروع کرنے کے لیے وزارت قانون و انصاف کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس سے عدالتوں کو بہتر انداز میں لوگوں تک انصاف کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ اور الیکٹرانک کاروبار کے زبردست فروغ نے آن لائن تنازعات کے حل کو ایک منطقی اور فطری قدم بنا دیا ہے چونکہ یہ تنازعات کے تیز رفتار حل معاونت کرتا ہے ۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ سی آئی اے سی اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بین الاقوامی تجارت و قانون سےمنسلک رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو اور بین الاقوامی تجارت اور کاروبار سے مسابقت میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوئے ہیں نیز خطرات میں کمی آئی ہے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان میں تجارتی ثالثی ایک مستحکم تبدیلی دیکھ رہی ہے اور اس میں مزید آسانی ہوگی۔