نئی دہلی، شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) وزیر اعظم دفتر، عملہ عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت ، ایٹمی توانائی اور خلاء کے محکمے میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج نئی دہلی کے تال کٹورا اسٹیڈیم میں تین روزہ بین الاقوامی فیسٹول ، یوگا کے عالمی دن سے متعلق تعارفی خاکہ(آئی ڈی وائی) 2018 ء کا افتتاح کیا۔
اپنے افتتاحی خطاب میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نےکہا کہ ہمیں یوگا سے طاقتور اور مضبوط بننے میں مدد ملتی ہے، جس کے نتیجے میں ایک صحتمند ، انتہائی طاقتور اور ایک خوشحال کنبہ ،سماج اور ملک کی تعمیر ہوتی ہے۔جناب سنگھ نے مزید کہا کہ یوگا نے صحت مند زندگی سے متعلق اپنی اپیل کے لئے اب پوری دنیا کو متحد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوگا نے ہمیں نہ صرف تناؤ بھری طرز زندگی سے نمٹنے کی تعلیم دی ، بلکہ بڑھاپے میں ہونے والی بیماریوں سے نمٹنے کا راستہ بھی ہمیں بتایا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آیوش کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، جناب شری پد یسو نائک نے کہا کہ آیوش کی وزارت نے یوگا کی قوت کو تسلیم کیا ہے اور تمام سطحوں پر اسے فروغ دینے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جناب نائک نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے ذریعے ہونے والی زبردست تبدیلی کے اس دور میں ٹیکنالوجی اور روحانیت کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر موصوف نے اس پر بات زور دیا کہ یوگا ان چیلنجوں کا جواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوش کی وزارت یوگا کو فروغ دینے کے لئے مستقل طورپر کام کررہی ہے۔
آیوش کے وزیر نے بتایا کہ این سی ای آر ٹی یوگا اولمپیاڈ ، متعدد بیداری کیمپ، یوگا پر عالمی کانفرنس، یوگا پر کتابوں کی اشاعت اور یوگا سے متعلق وزیر اعظم ایوار ڈ کی شروعات جیسے متعددنئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت نے ذیابیطس جیسی بیماری پر قابو پانے کے لئے زیرو کوسٹ ہیلتھ ایشورنس ماڈل کو بھی اختیار کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے ان یوگا گروؤں اور یوگا کے ماسٹروں کا شکریہ ادا کیا جو اسے عوامی تحریک کی شکل دینے کے لئے اپنی خدمات دے رہے ہیں۔
شرکت کنندگان کا خیر مقدم کرتے ہوئے آیوش کے سیکریٹری جناب ویدیہ راجیش کوٹیچا نے بتایا کہ مرارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا کے زیر اہتمام منعقد یہ تیسرا بین الاقوامی یوگا فیسٹول ہے اور اس فیسٹول کی مقبولیت ہر گزرتے سال بڑھی ہے۔
اس تین روزہ عالمی یوگا تقریب کا انعقاد مرار جی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا (ایم ڈی این آئی وائی) کے زیر اہتمام کیا جارہا ہے، جس کا مقصد یوگا کے عالمی دن کو ہر سال منائے جانے سے متعلق عوام میں بیداری پیدا کرنا ہے۔اس عظیم یوگا تقریب میں نامور یوگا گرو، یوگا ماسٹر، پالیسی ساز اور 16 ملکوں کے نمائندوں سمیت 5 ہزار سے زائد مندوبین شرکت کررہے ہیں۔عالمی یوگا فیسٹول کے دوران نامور یوگا ماسٹروں اور یوگا گروؤں کے ذریعے متوازی یوگا ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔اس کے علاوہ لیکچرز ، خصوصی یوگا تکنیک، یوگا ماسٹروں کے ذریعے یوگا ڈیمو، نامور یوگا گروؤں کے ذریعے ثقافتی پروگراموں ، ممتاز یوگا اداروں کے طلباء ، یوگا پیشہ وروں کے ذریعے یوگا ڈیمو وغیرہ کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔