نئی دہلی۔ آیوش کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب شری پد یسو نائک اور وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ میں بالائی علاقوں میں پائے جانے والے طبی پودوں کے ادارے کا سنگ بنیاد رکھا۔
بھدرواہ علاقے کی پرکشش سبز وادیوں میں قائم اس معتبر پروجیکٹ کی متوقع لاگت تقریبا 100 کروڑ روپے ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب شری پد یسو نائک نے کہا کہ بالائی علاقوں میں پائے جانے والے طبی پودوں کی تحقیق کے سلسلے میں ایک اہم ترین ادارہ ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ طبی پودوں کی زراعت کا یہ پروجیکٹ کہ کسانوں کی آمدنی کا بھی بڑا ذریعہ ثابت ہوگا۔
اس موقع پر جموں و کشمیر کے صحت و طبی تعلیم کے چیف سکریٹری جناب اٹل دللو، حکومت ہند کے وزارت آیوش میں جوائنٹ سکریٹری جناب روشن جگّی ، وزارت آیوش کے قومی طبی پودوں کے بورڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر تنوجا ایم نثاری، بھدرواہ کے ممبر اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار، جموں و کشمیر کے انڈین سسٹم آف میڈیسن ، ڈائریکٹوریٹ آف انڈین سسٹمز آف میڈیسن (آئی ایس ایم /آیوش)کے ڈائریکٹرڈاکٹر پھونتسوگ انگچک اور دیگر حضرات بھی موجود تھے۔
بعد ازاں دونوں وزراء نے کستوار میں آیوش ہسپتال کے قیام کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب نایک نے کہا کہ اس پہاڑی علاقے کے لوگوں کو ہسپتال کے ذریعہ بہتر طبی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے اور صحت کا شعبہ ان میں اہم ہے۔