نئی دلّی: ماحولیات ، جنگلات اور تبدیلی ماحولیات ، سائنس و تکنالوجی اور ارضیاتی سائنس کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے سابق وزیر اعظم جناب اٹل بہاری واجپئی کی رحلت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج یہاں اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اٹل بہاری واجپئی کی رحلت کی خبر سے بڑھ کر صدمے کی اورکوئی بات نہیں ہو سکتی ، جنہوں نے لاکھوں ہندوستانیوں کو تحریک دی ۔ ہندوستانی قرطاس سیاست پر اٹل بہاری واجپئی جیسا قد آور رہنما نہ کوئی تھا اور نہ ہی کوئی آئندہ ہوگا ۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارتی سائنسی برادری واجپئی جی کی شکر گزار رہے گی کیونکہ یہ ان ہی کی ذات تھی جی کی وجہ سے سائنس قومی ترجیحات میں داخل ہو سکی ۔ سابق وزیر اعظم نے لال بہادر شاستری کے نعرے ’’ جے جوان جے کسان ‘‘ میں توسیع کرتے ہوئے پوکھرن میں نیو کلیائی ٹیسٹ کے بعد ’’ جے وگیان ‘‘ کو بھی شامل کیا ۔ وہ ایک نظریاتی سیاست داں تھے جو اپنی سیاسی سادگی ، ہر ایک سے اختلافات کے باوجود ہم آہنگ ہونے کا ہنر رکھتے تھے ۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی کی رحلت سے میں نے ایک مرشد اور رہنما کھو دیا ہے جس نے مجھے سیاسی بصیرت کی تعلیم دی ۔