نئی دہلی، آج نئی دہلی میں تعلیمی تحقیق و تربیت کی قومی کونسل این سی ای آر ٹی کی طرف سے منعقدہ ایک تین روزہ قومی یوگا اولمپیاڈ کا افتتاح کیا گیا۔افتتاح کی رسم یونیسکوکے ڈائریکٹر اور ہندوستان ،بنگلہ دیش، بھوٹان، مالدیپ اور سری لنکا کے نئی دہلی میں واقع کلسٹر دفتر کے یونیسکو کے نمائندے اریک فالٹ نے انجام دی۔
این سی ای آر ٹی کی طرف سے قومی یوگا اولمپیاڈ منعقد کئے جانے کا یہ مسلسل تیسرا سال ہے۔ اس میں 26ریاستوں اور 4آر آئی ایز کے تقریباً 500 طلباء شرکت کررہے ہیں، جبکہ پچھلے سال 25 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے طلباء نے شرکت کی تھی۔
این سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر رشی کیش سینا پتی نے اپنی استقبالیہ تقریر میں اس طرف توجہ دلائی کہ اولمپاڈ ، ایک سائنسی اور مجموعی طرز زندگی کے بارے میں آگاہی پیدا کرتا ہے اور اس کا مقصد تمام انسانوں میں ایک مثبت رجحان پیدا کرنا اور سماج میں پرامن زندگی گزارنے کے طریقے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے حوالے سے کہا’’یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ہر شخص کے اندر یوگا کا صحیح جذبہ پیدا کریں‘‘ اس پس منظر میں اولمپیاڈ کا انعقاد کیا گیا ہے، تاکہ بچوں کے اند راتحاد اور مفاہمت کا جذبہ پیدا کیا جائے ۔ یہ بچے ملک کے مختلف حصوں سے ، جن میں دیہی اور شہری دونوں علاقے شامل ہیں اولمپیاڈ میں شرکت کے لئے یہاں آئے ہیں۔
این سی ای آر ٹی کی پروفیسر سروج یادو نے یوگا کے سفر کی کہانی بیان کرتے ہوئے جسمانی، ذہنی اور روحانی صحت کے فروغ میں یوگا کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے یوگا کے مقاصد، اس کے مقررہ گروپ اور یوگا مشقوں کے بارے میں وضاحت کی۔ انہوں نے اس با ت پر زور دیا کہ یوگا اولمپیاڈ بچوں کے اندر یوگا کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے ، ٹیم کا جذبہ اور اعتماد پیدا کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔
ہریانہ کے شہر ریواڑی میں واقع گورنمنٹ گرلز اسکول کے نوجوان طلباء اور کیرالہ کے گرلز اسکول کے طلباء کی مسحور کن یوگا کارکردگی کا مظاہرہ دیکھنے کے بعد مہمان خصوصی جناب ایرک فالٹ نے این سی ای آر ٹی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اتنے اچھے پروگرام کو دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔