نئی دہلی، اعلیٰ تعلیم میں لیڈر شپ کے فروغ پر وائس چانسلر کے لئے ایک دو روزہ ورک شاپ کا انعقاد نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ ایڈمنسٹریشن ( این آئی ای پی اے ) کے ذریعے 24 جنوری اور 25 جنوری ، 2019 ء کو نئی دلّی میں کیا گیا ہے ۔ انسانی وسائل کے فروغ کے مرکزی وزیر جناب پرکاش جاوڑیکر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ورک شاپ کا افتتاح کیا ۔ اس ورک شاپ میں ادارے کی سطح پر اور قومی سطح پر نظریات ، تجربات میں ساجھیداری ، کیس کا مطالعہ اور ایکشن پلان کے ذریعے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی خاطر حکمتِ عملی پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ اس میں مراعات کا نظام قائم کرنے ، اساتذہ کی صلاحیت کے فروغ اور اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں کام کے ماحول کی پرورش کرنے میں تعلیمی لیڈروں کے رول پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔
وزیر موصوف نے وائس چانسلر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے ہمارے اوپر زبردست اعتماد کیا ہے اور ہمیں اُن کی توقعات کو پورا کرنا ہے ۔ ہمارے پاس اعلیٰ تعلیم کے مستقبل کو تیار کرنے اور ادارہ جاتی تبدیلی میں سہولت کے لئے ایک پختہ نظریہ ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل کا ایکشن پلان معیاری تعلیم میں اضافہ کرنے ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، تحقیق کے ماحول کو فروغ دینے ، ٹیکنا لوجی کے استعمال کو فروغ دینے وغیرہ پر مشتمل ہونا چاہیئے تاکہ ہم اپنے اداروں کو اور زیادہ اونچی سطح تک پہنچا سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل نگرانی اور مختلف کمیٹیوں سے رپورٹ طلب کرنے کا کام مقررہ وقت کے اندر کیا جانا چاہیئے ۔
وزیر موصوف نے تمام وائس چانسلروں کو صلاح دی کہ ادارے کے لیڈر کے طور پر انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں ٹیچروں ، ایڈمنسٹریشن اور طلباء سمیت سبھی فریقوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے ٹیچروں پر اس بات کے لئے زور دیا کہ وہ طلباء کے ساتھ ایک مضبوط رشتہ قائم کریں تاکہ اُن کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے ۔