نئی دہلی، محنت اور روزگار کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب سنتوش گنگوار نے آج 24 گھنٹوں کے اندر غیر معمولی رفتار اور کارکردگی سے کووڈ کی عرضیوں کا تصفیہ کرنے کا مثالی کام کرنے پر مغربی دہلی ای پی ایف او دفتر کے عملے اور افسران کو اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے جناب گنگوار نے بتایا کہ کووڈ ۔19 سے متعلق 100 فیصد عرضیوں/دعووں کا گذشتہ 175 دن کے دوران 24 گھنٹوں کے اندر تصفیہ کیا گیا ہے۔ اپنے فرائض سے بڑھ کر کام کرتے ہوئے ای پی ایف او عملے نے اس کے 3لاکھ 25 ہزار سبسکرائبروں کو تقریباً 750 کروڑ روپئے تقسیم کیے۔
وزیر موصوف نے یہ بھی بتایا کہ ای پی ایف او کے دفتر نے ای پی ایف او چارٹر کے مینڈیٹ کے مطابق 3 دن تک تصفیہ کرنے کی ہدایت کے مقابلے 90 فیصد دعووں کو محض 24 گھنٹوں کے اندر طے کرلیا۔
ای پی ایف او کے کام کی تعریف کرتے ہوئے جناب گنگوار نے بھارت میں ای پی ایف او کے دوسرے دفاتر کو بھی اسی شفافیت اور کارکردگی کے نمونے کی تقلید کرنے کی دعوت دی۔
جناب گنگوار نے کہا کہ اگرچہ معمول کا کام ہی مشکل ہوتا تھا، تاہم ای پی ایف او افسران اور عملے نے مجموعی طور پر 15 اکتوبر تک 44 لاکھ سے زیادہ کووڈ پیشگی دعووں کا تصفیہ کردیا ہے جس کے ذریعے 11500 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے ، جو کووڈ -19 کی وبا اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران ایک انتہائی مشکل کام تھا۔
وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ انہوں نے آج اپنی وزارت کے تحت ای پی ایف او ، ای ایس آئی سی ، ڈی جی ایف اے ایس ایل ای، ڈی جی مائنز جیسے اداروں کے ذریعے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو اعزاز سے نوازے جانے کی پہل کا آغاز کیا ہے۔ جناب گنگوار نے حکومت کی طرف سے حال ہی میں وضع کردہ کردہ تاریخی لیبر ویلفیئر کوڈ کی بھی وضاحت کی۔