نئی دہلی، حال ہی میں بیجنگ میں منعقدہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹ منٹ بینک (اے آئی آئی پی) کےبورڈ آف ڈائریکٹرس کے ذریعہ منظور شدہ 140 ملین امریکی ڈالر کے قرض سے ریاست مدھیہ پردیش کے تقریباً 1.5 ملین دیہی باشندوں کو براہ راست فائدہ حاصل ہونے جارہا ہے۔ اس سے ان دیہی باشندوں کے ذریعہ معاش، تعلیم اور نقل و حرکت کی صلاحیت میں بہتری آئے گی۔ اس پروجیکٹ میں عالمی بینک کا مشترکہ طور پر مالی تعاون شامل ہے۔ اس کا مقصد دیہی سڑک کنیکٹویٹی کو بہتر بنانا اور 5640 گاؤں کے ان باشندوں کی دیکھ ریکھ کو بہتر بنانا ہے جو کہ روزمرہ کی اپنی سرگرمیوں کےلئے دیہی سڑکوں کا استعمال کرتے ہیں۔
ان دیہی باشندوں کے ذریعہ معاش میں بہتری آئے گی کیونکہ کھیت سے لے کر بازار تک سڑک رابطہ فراہم ہونے سے ان کی آمدنی کےمواقع بڑھیں گے۔ مزید برآں اس سے اعلی تعلیمی پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ بچوں کےاندراج اور اسکولوں میں بچوں کی زیادہ حاضری کی امید ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت سڑکوں کی دیکھ ریکھ کے پروجیکٹس سے زیادہ خواتین کو روزگار حاصل ہوگا جس سے صنفی مساوات اور روزگار بڑھانے میں تعاون ملے گا۔ اے آئی آئی بی کے نائب صدر اور چیف انویسٹمنٹ آفیسر ڈی جے پانڈیا نے کہا کہ ‘‘دیہی بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے ذریعہ ہندستان میں پایہ دار ترقی کو فروغ دینے کے لئے مناسب مقدار میں فائنانس کی ضرورت ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس پروجیکٹ میں اے آئی آئی بی کی شراکت داری سے اس مالی ضرورت کی تکمیل ہوگی اور خطہ کی ہمہ جہت ترقی میں اضافہ ہوگا۔
مزید برآں اس پروجیکٹ کا مقصد ریاست مدھیہ پردیش میں دیہی سڑکوں کی صورتحال بہتر کرنا ، ماحولیاتی تبدیلی سے لڑنے میں سڑکوں کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے علاوہ ریاست کے دیہی سڑک نیٹ ورک اور سڑک تحفظ کے انتظام و انصرام کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔
اے آئی آئی بی کے انویسٹمنٹ آپریشن کے ڈائریکٹر جنرل سوپی تیراونندتھورن نے کہا کہ اس پروجیکٹ سے چھوٹے گاؤں کے لئے محفوظ اور پائیدار سڑک رابطہ فراہم ہوگا۔ علاوہ ازیں مدھیہ پردیش کی دیہی آبادی کی نقل و حرکت میں بہتری آئے گی انہوں نے مزید کہا کہ پوری ریاست مدھیہ پردیش کی اقتصادی ترقی کو ایک نئی رفتار ملے گی۔ علاوہ ازیں دیہی آبادی بشمول خواتین اور بچیوں کے ذریعہ معاش میں بھی بہتری آئے گی۔