نئی دہلی، دہلی میں بحریہ کے بچوں کے اسکول نے یوم تاسیس کی تقریبات منائیں۔ اس موقع پر بحریہ کے سربراہ پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم ، اے ڈی سی ، ایڈمرل سنیل لامبا اور ان کی اہلیہ محترمہ رینا لامبا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس دن کا موضو ع تھا ’’ امید یں اور اُمنگیں‘‘۔
اس تقریب میں نوجوان ذہنوں میں امید اور امنگوں کو فروغ دینے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا تاکہ برابری ، طمانیت اور ہم آہنگی پر مبنی ایک دنیا بسائی جاسکے۔ اس تقریب میں موسیقی ، تھیٹر اور رقص وسرود کی محفلیں جمیں۔ افتتاحی مناجاتی گیت راگ یمن میں پیش کیا گیا۔ سب کا ساتھ سب کا وکاس کے موضوع پر پیش کئے گئے نکڑ ناٹک میں سامعین کو مسحور کردیا، جس میں شکشا ، سوچھتا اور ایکتا کے مقصد کو اجاگر کیا گیا تھا۔ آئن اسٹائن پر پیش کئے گئے ڈانس ڈرامے نے لوگوں کو روشنیوں کی جادوئی دنیا میں پہنچادیا۔ اسی طرح دنیا کے مختلف حصوں میں ہونے والے فصل کی کٹائی کے رقص نے بھی ناظرین کو تھرکنے پر مجبور کردیا۔ طلباء نے فرانسیسی اور اسپینی زبانوں کے گیت پیش کئے جس سے دنیا کو متحد کرنے کی موسیقی کی قوت کا اظہار ہوتا ہے۔ کھیلو انڈیا بریگیڈ نے فٹنس کے پیغام کو عام کیا۔
اسکول کی پرنسپل محترمہ اوشیما ماتھر نے ہیڈ بوائے اور ہیڈ گرلز کے ساتھ اسکول رپورٹ پیش کی، جس میں پچھلے تعلیمی سال کے دوران طلباء کے ذریعے تعلیم ، کھیل کود اور اضافی سرگرمیوں کی کامیابیوں کو پیش کیا گیا۔ آخر میں ٹیگور کا گیت ’’ویئردی مائنڈ از وداؤٹ پیئر‘‘ کو دو زبانوں میں پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی نے امید اور امنگوں کے ذریعے واحد دنیا کے ویژن کو پھیلانے کے لئے طلباء کو تحریک دلانے کی کوششوں کی ستائش کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور امکانات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے دل جمعی کے ساتھ مطالعہ کریں ، کھیلیں اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ مہمان خصوصی نے اسکول کی ترقی کے لئے پانچ لاکھ روپے تحفے میں دئے۔ اس موقع پر اسکولی بچوں کے ذریعہ تیار کردہ اسکول کی میگزین کا بھی اجراء کیا گیا۔