نئی دہلی، جہاں ملک ایک جانب کووڈ-19 وبا سے جوجھ رہا ہے، وہیں بھارتی ریلوے اس اہم وقت میں سنگین حالات سے متاثر لوگوں کو راحت پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے۔ ان تارکین وطن مزدوروں کو ان کی آبائی ریاستوں تک پہنچاکر راحت پہنچانے کی مسلسل کوششوں کے تحت ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے ریلوے کی وزارت نے آئندہ 10 دنوں میں ملک بھر میں ریاستی حکومتوں کی ضرورتوں کے مطابق 2600 مزید شرمک اسپیشل ٹرینوں کو چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پہل سے ملک بھر میں پھنسے 36 لاکھ مسافروں کو فائدہ ملنے کا امکان ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بھارتی ریلوے نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے تارکین کامگاروں ، تیرتھ یاتریوں ، سیاحوں، طلبا اور دیگر لوگوں کو ان کی مختلف منزلوں تک پہنچانے کے لئے یکم مئی 2020 سے شرمک اسپیشل ٹرینوں کو چلانا شروع کیا تھا، ان خصوصی ٹرینوں کو ایسے پھنسے ہوئے لوگوں کو بھیجنے اور واپس بلانے کے لئے اسٹینڈر ڈ پروٹوکول کے مطابق دونوں متعلقہ ریاستی حکومتوں کی درخواست پر ایک ریاست سے دوسری ریاست کے درمیان چلائی جارہی ہے۔ ان شرمک اسپیشل ٹرینوں کے لئے تال میل اور انہیں ٹھیک طریقے اور آسانی سے چلانے کے لئے ریلوے اور ریاستی حکومتوں نے اعلی افسران کو نوڈل افسر مقرر کیا ہے۔
بھارتی ریلوے نے گزشتہ 23 روز میں 2600 شرمک اسپیشل ٹرینیں چلائی ہیں۔ اب تک تقریباً 36 لاکھ پھنسے ہوئے تارکین وطن کو ان کی آبائی ریاستوں تک پہنچایا جاچکا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شرمک اسپیشل ٹرینو ں کے علاوہ، وزارت ریل نے 12 مئی 2020 سے 15 جوڑ اسپیشل ٹرینوں کو چلانا شروع کیا اور یکم جون 2020 سے 200 ریل خدمات کو شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔