نئی دہلی، بھارتی بحریہ کا جہاز ترکش آج تین روزہ دورے پر مراقش کے طنجہ میں پہنچا ۔ یہ دورہ بھارتی بحریہ کے ذریعے سمندر پار کی تعیناتی کے جاری عمل کا ایک حصہ ہے ، جو بھارتی بحریہ نے بحیرۂ روم ، افریقہ اور یوروپ کے سلسلے میں شروع کر رکھا ہے ۔ اس دورے کے تحت بھارت اور مراقش کے مابین دوستانہ تعلقات کو مستحکم بنانے کا مقصد کارفرما ہے ۔
آئی این ایس ترکش کپٹن ستیش واسو دیو کی کمان میں ہے ۔ یہ جدید ترین نوعیت کا خفیہ بحریہ جہاز ہے اور مختلف النوع حربی ساز و سامان اور ہتھیاروں سے لیس ہے ۔ یہ تمام تر تینوں سمتوں سے خطرات کا مقابلہ کرنے والے سینسر سے بھی آراستہ ہے ۔ واضح رہے کہ یہ بحری جہاز بھارتی بحریہ کے مغربی بیڑے کا ایک حصہ ہے اور فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف ، مغربی بحریہ کمان کے آپریشنل کمان میں ہے ۔
بندرگاہ پر اپنے قیام کے دوران مراقش کے سینئر بحریہ افسران سمیت متعدد اہم شخصیات اور سرکاری افسران اس بحری جہاز پر آئیں گے ۔ یہ بحری جہاز متعدد پیشہ ورانہ ، سماجی اور کھیل کود کے مقابلوں میں بھی حصہ لے گا ، جو مراقش کی شاہی بحریہ کے ساتھ پہلے سے منصوبہ بند ہیں۔ بندر گاہ سے روانہ ہوتے وقت آئی این ایس ترکش کھلے سمندر میں رائل مراقش بحریہ کے ساتھ پیسیج مشق بھی انجام دے گا ۔