19.4 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

بھارتی ریلوے نے غریب کلیان روزگار ابھیان کے تحت 21اگست2020ء تک 6,40,000سے زائدکام کے دن پیدا کئے

Urdu News

نئی دہلی: بھارتی ریلوے نے غریب کلیان روزگار ابھیان کے تحت 6 ریاستوں یعنی بہار، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، اُڈیشہ، راجستھان اور اترپردیش میں 6,40,000زائدکام کے دن پیدا کئے ہیں۔

ریلوے اور تجارت و صنعت کے وزیر جناب پیوش گویل ان پروجیکٹوں میں ہونے والی پیش رفت اوراس اسکیم کے تحت ریاستوں میں تارکین وطن مزدوروں کے لئے کام کے مواقع پیدا کرنے پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان ریاستوں میں تقریباً 165 ریلوے بنیادی ڈھانچہ کے پروجیکٹوں پر عمل درآمد کیا جار ہا ہے۔

21اگست 2020ء تک اس ابھیان سے12276مزدوروں کو جوڑا گیا ہے اور ان پروجیکٹوں پر عمل درآمد کے لئے ٹھیکیداروں کو 1,410.35کروڑ کی ادائیگی جاری کی گئی ہے۔ریلوے نے ریاستوں کے ساتھ ساتھ ہر ایک ضلع میں نوڈل آفیسر تعینات کئے ہیں، تاکہ ریاستی حکومت کے ساتھ گہرا تال میل قائم کیا جاسکے۔

ریلوے نے کچھ خصوصی کاموں کی نشاندہی کی ہے، جن پر اس اسکیم کے تحت کام چل رہا ہے۔یہ کام (1)لیول کراسنگ کے لئےرسائی کی سڑکوں کی تعمیر اور رکھ رکھاؤ (2)ریلوے  ٹریک کے کنارے کھائیوں اور نالوں کی ترقی اور ان کی صاف صفائی(3) ریلوے اسٹیشنوں تک رسائی کی سڑکوں کی تعمیر اور رکھ رکھاؤ(4)ریلوے کے موجودہ کناروں کی مرمت اور اسے چوڑا کرنے(5)ریلوے زمین کی آخری سرحد پر شجرکاری (6)اور موجودہ کناروں ، ذیلی راستوں، پلوں کے تحفظ کے کام سے متعلق ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے غریب کلیان یوجنا ابھیان کے نام سے بڑے پیمانے پر 20 جون 2020ء کو روزگار مع دیہی عوامی کام مہم کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد کووڈ-19 وبائی مرض کے ڈر سے بڑی تعداد میں اپنے علاقوں ؍گاؤں میں لوٹے تارکین وطن مزدوروں کو بااختیار بنانا اور انہیں ان کے گاؤں میں ہی ذریعہ معاش کے مواقع  فراہم کرنا ہے۔وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ غریب کلیان روزگار ابھیان کے تحت پائیدار دیہی ڈھانچے کی تعمیر کےلئے 50ہزار کروڑ خر چ کئے جائیں گے۔

125 دنوں کا یہ ابھیان مشن موڈ میں چلایاجارہا ہے اور اس میں 116 اضلاع میں کاموں ؍سرگرمیوں کے 25 زمروں کا  ارتکازی نفاذ شامل ہے۔ان میں سے ہر ایک ضلع چھ ریاستوں –بہار ، اترپردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، جھارکھنڈ اور اُڈیشہ سے متعلق ہیں، جہاں لوٹنے والے تارکین وطن مزدوروں کی بڑی تعداد ہے۔اس ابھیان کے دوران شروع کئے جانے والے عوامی کاموں کے لئے 50 ہزار کروڑ روپے کے مالی وسائل (ریسورس انویلپ)دستیاب ہوں گے۔

یہ ابھیان ذریعہ معاش کے مواقع میں اضافہ سے متعلق 25 عوامی بنیادی ڈھانچے کے کاموں کے تیزی سے نفا ذکے لئے 12 مختلف وزارتوں؍محکموں یعنی دیہی ترقی، پنچایتی راج، سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں، کانکنی، پینے کے پانی اور صفائی ، ماحولیات، ریلوے، پیٹرولیم اور قدرتی گیس، جدید اور قابل تجدید توانائی، سرحدی سڑکوں ، ٹیلی کام اور زراعت کے درمیان ایک مشترکہ کوشش ہے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More