نئی دہلی: بھارت میں مسلسل آٹھویں دن یومیہ نئے کیسوں کی تعداد 50000 سے کم درج کی گئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں صرف 41100 ا فراد کووڈ سے متاثر پائے گئے ہیں۔ نئے کیسوں کی تعداد پچاس ہزار سے زیادہ 7 نومبر کو رہی تھی۔ آبادی کے مختلف گروپوں کے مابین کووڈ کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے نتیجے میں اس رجحان نے بڑی اہمیت اختیار کرلی ہے کیونکہ یوروپ کے بہت ملکوں اور امریکہ میں یومیہ نئے مریضوں کی تعداد بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں 42156 لوگ صحتیاب ہوئے ہیں جس سے سرگرم کیسوں کی تعداد مزید کم ہوگئی ہے۔ بھارت میں سرگرم کیسوں کی تعداد 479216 ہے جو کل مثبت کیسوں کا صرف 5.44 فیصد ہے۔
پندرہ ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں فی ملین کیسوں کی تعداد قومی اوسط سے کم ہے۔(6387)
صحتیاب ہونے والوں کی تعداد نئے کیسوں کے مقابلے میں زیادہ ہے جس سے آج صحتیابی کی شرح 93.09 فیصد تک پہنچ گئی۔ کل صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 8205728 ہے۔ صحتیاب ہونے والے افراد اور سرگرم کیسوں کی تعداد میں فرق برابر بڑھتا جارہا ہے اور اس وقت یہ فرق 7726512 ہے۔
جو لوگ صحتیاب ہوئے ہیں ان میں سے 79.91 فیصد کا تعلق دس ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے ہے۔
دہلی میں سب سے زیادہ لوگ کووڈ سے صحتیاب ہوئے ہیں جن کی تعداد 7117 ہے۔ کیرالہ میں روزانہ 6793 لوگ صحتیاب ہو رہے ہیں جبکہ مغربی بنگال میں 4479 لوگ صحتیاب ہوئے ہیں۔
نئے کیسوں میں دس ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا حصہ 82.87 فیصد ہے۔
دہلی میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 7340 کیسوں کا ا ندراج ہوا ہے۔ کیرالہ میں 6357 نئے کیس درج کئے گئے جبکہ مہاراشٹر میں کل نئے کیسوں کی تعداد 4237 تھی۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 447 ہلاکتوں میں 85.01 فیصد کا تعلق دس ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے ہے۔
مہاراشٹر میں 105 ہلاکتیں ہوئیں جو ہلاکتوں کا 23.5 فیصد ہے۔ دہلی اور مغربی بنگال میں بالترتیب 96 اور 53 نئی ہلاکتیں ہوئیں۔
اکیس ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں فی ملین اموات قومی اوسط 94 سے کم ہے۔