نئی دہلی: بھارت نے آج جنوب مشرقی ایشیا خطے میں ڈبلیو ایچ او کے اعلی عہدے کو برقرار رکھا کیونکہ ڈاکٹر پونم کھتراپال سنگھ کو فروری 2019 سے شروع ہونے والی دیگر پانچ سالہ میعاد کے لئے ریجنل ڈائرکٹر کے حیثیت سے متفقہ طور پر دوبارہ منتخب کرلیا گیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او جنوب مشرقی ایشیا کی ریجنل کمیٹی کی جاری میٹنگ میں انتخابات ہوئے تھے۔
بھارت کی امیدوار کی حمایت کے لئے تمام رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر جناب جے پی نڈا نے کہا کہ ہم خطے کے رکن ممالک کی طرف سے ملنے والی متفقہ حمایت کے لئے شکرگزار ہیں۔ متفقہ حمایت کا اس بات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ الیکشن بلا مقابلہ ہوا تھا۔
ڈاکٹر پونم کھتراپال سنگھ کو ان کے دوبارہ انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیا ریجنل آفس کو ڈاکٹر سنگھ نے جو قیادت فراہم کی ہے، اس کے تحت پروگریمیٹک اور مالیاتی نفاذ میں عالمی سطح پر تنظیم میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کے طور پر خطہ ابھرا ہے۔ مزید برآں رکن ممالک میں عوامی صحت ایجنڈا کے تئیں انہوں نے جس عہد بستگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کا اظہار خطے کے تمام فلیگ شپ ترجیحی پروگراموں سے متعلق ان کی اہم حصولیابیوں سے ہوتا ہے ۔
جناب نڈا نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ انہوں نے اپنی مدت کار کے دوران اپنے اسٹریٹجک ویژن کو ٹھوس کارروائیوں میں بدلا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ وہ پہلی خاتون ہیں جنہیں انڈین سول سروس ، عالمی بینک اور ڈبلیو ایچ او میں ایک شاندار کریئر کے بعد ڈبلیو ایچ او کے جنوب مشرقی ایشیا خطے کے لئے ریجنل ڈائرکٹر کے عہدے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔