نئی دہلی: بھوشن اسٹیل لمیٹڈ کے سابق پروموٹراورمنیجنگ ڈائرکٹر،جناب نیرج سنگھل کو سنگین نوعیت کی جعل سازی کی تفتیش کے دفترکے اہلکاران کے ذریعہ گرفتارکرلیاگیاہے ۔ انھیں کل بااختیارعدالت کے روبروپیش کیاگیاتھا اوربعدازاں 14اگست ، 2018تک کے لئے عدالتی تحویل میں بھیج دیاگیاہے ۔
واضح رہے کہ یہ گرفتاری بھوشن اسٹیل لمیٹڈ اور اس کی متعدد گروپ کمپنیوں کے معاملات میں تفتیش کا ایک حصہ ہے ۔جن کی جانچ پڑتال ایس ایف آئی او کے ذمہ تھی ۔ یہ تفتیش کمپنی امور کی وزارت کی جانب سے مختلف ذرائع سے موصول ہوئی شکایات کی بنیاد پرایس ایف آئی او کو سونپی گئی تھی ۔
یہ گرفتاری کمپنیز ایکٹ مجریہ 2013کی دفعہ 212( 8) کے تحت شخص مذکورکی تحویل میں پائی گئی اشیأ کی بنیاد پرکی گئی ہے۔ جن سے یہ انکشاف ہواہے کہ نیرج سنگھل کمپنیز ایکٹ مجریہ 2013کی دفعہ 447کے تحت لائق سزاجعلسازی کے سنگین معاملات میں قصوروارہیں ۔
تفتیش کے دوران ٹیم نے پایاکہ بی ایس ایل کےسابق پرموٹروں نے ازحد دقیق اورجعلسازی پرمبنی حکمت عملیاں اپنا کربی ایس ایل کی انتظامیہ کے ذریعہ سرکاری شعبے کے بینکوں سے حاصل کی گئی ہزاروں کروڑروپے کی رقم اپنی متعدد ایسوسی ایٹ کمپنیوں کا استعمال کرکے خرد برد کی ہے ۔ اس کے نتیجے میں متعلقہ بینکوں اور ان کمپنیوں کے سرمایہ کاروں کو سنگین اورغیر واجب خسارہ لاحق ہواہے ۔
بی ایس ایل کے سابق پروموٹر/ڈائرکٹرحضرات نے تفتیش کے دوران اب تک تفتیش کے کام میں کوئی تعاون نہیں کیاہے ۔ تفتیشی ٹیم کے روبروحاضرہونے میں ناکام رہنے کے علاوہ اس سلسلے میں اہم شواہدات کو بھی مخفی رکھنے کی کوشش کی گئی ہے ۔
دیوالیہ پن سے متعلق معاملات کا تصفیہ ہونے کے بعد بی ایس ایل کی ملکیت اور کنٹرول ٹاٹاگروپ کو منتقل کردیاگیاہے ۔