نئی دہلی، سول انتظامیہ کی درخواست پر 4 ریپڈ (آر اے پی آئی ڈی) کی زیر سرپرستی فوجی کالم کو بہار کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت رسانی کے کاموں کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔ جن اضلاع میں ان کی تعیناتی کی گئی ہے اُن میں مدھوبنی، سیتامڑھی، گوپال گنج اور مظفرپور اضلاع شامل ہیں۔ یہ کالم ان علاقوں میں جہاں آسان رسائی نہیں ہے وہاں پھنسے ہوئے لوگوں کی جان بچاکر، راحتی سامان کی نقل و حمل اور ان کی دستیابی کراکر، مصیبت میں گرفتار لوگوں کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
آخری خبریں ملنے تک فوجی کالم ان علاقوں کے 75 گاؤوں تک پہنچنے، ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کو باہر نکالنے اور کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کرنے، رسد پہنچانے، بچاؤ اور راحت رسانی سے متعلق اشیاء بہم پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں۔ بچاؤ کے کام میں مصروف فوجی کالمس کے ہمراہ جانے والی فوجی طبی ٹیموں نے بھی دوائیں تقسیم کی ہیں، ہنگامی طبی خدمات انجام دی ہیں اور متعدد بیش قیمتی جانیں بچائی ہیں۔ جن گاؤں والوں کو بچایا گیا ہے ان میں کچھ حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔