نئی دہلی، چین میں ہندوستانی سفارتخانے نے اسٹار اپ انڈیا ایسو سی ایشن (ایس آئی اے) اور وینچر گروکول کے اشتراک سے بیجنگ میں 12 نومبر 2018 کو دوسرے اسٹارٹ اپ انڈیا سرمایہ کاری سیمینار کا انقعاد کیا جس کا مقصد ہندوستانی نوجوانوں کے مابین جدت طرازی اور صنعت سازی کو فروغ دینا تھا۔ پہلا اسٹارٹ اپ انڈیا سرمایہ کاری تقریب نومبر 2017 میں منعقد کی گئی تھی۔
اس تقریب کا منصوبہ اس لئے بنایا گیا تھا تاکہ چینی وی سیز اور سرمایہ کاروں کو بھارت میں امکانی اسٹارٹ اپس سے واقف کرایا جاسکے اور ہندوستانی اسٹارٹ اپس کی بڑے چینی سرمایہ کاروں تک رسائی میں مدد مل سکے تاکہ وہ اپنی کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری کا حصول کرسکیں۔ 20 اسٹارٹس اپ کی نمائندگی کرنے والے 42 ہندوستانی صنعت سازوں نے اس تقریب میں حصہ لیا اور اپنی کمپنیوں میں چینی سرمایہ کاروں سے سرمایہ کاری کی بات رکھی۔ اس ایک روزہ پچنگ سیشن اور سیمینار میں 350 سے زیادہ چینی وینچر کیپٹل (وی سی) فنڈز اور اینجل سرمایہ کاروں نے حصہ لیا۔
پہلے اسٹارٹ اپ انڈیا سرمایہ کاری سیمینار میں 12 ہندوستانی اسٹارٹ اپس نے حصہ لیا تھا جن میں سے 4 کو چینی وینچرس کیپیٹلس سے 15 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی تھی۔ موجودہ مرحلے میں 20 شرکا میں سے 8 اسٹارٹس اپس کو تقریباً 30 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ حاصل ہونا تقریباً یقینی ہے۔
آئی سی بی سی انڈیا کے سی ای او جناب زینگ بن نے ہندوستان میں آئی سی ڈی سی کے تجربات مشترک کرتے ہوئے ہندوستان میں اسٹارٹ اپ کے ماحول کا جائزہ پیش کیا اور سرمایہ کاری کے طریقہ کار کی وضاحت کی۔ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ آئی سی ڈی سی انڈیا نے 200 ملین امریکی ڈالر کا ایک فنڈ قائم کیا ہے تاکہ ہندوستان کی ابھرتی ہوئی ایم ایس ایم ای اور وینچرس میں سرمایہ کاری کی جاسکے۔
ہندوستانی اسٹارٹ اپ بازار میں چینی وینچر کیپیٹل کے داخلے اور ہندوستانی اسٹارٹ اپ ماحول کے بارے میں تجربات کے اشتراک کے لئے موثر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کے مقصد سے ایک پینل مباحثے کا بھی انعقاد کیا گیا۔