نئی دہلی؍ بنگلہ دیش ، ہندوستان اور نیپال جون2015 میں دستخط شدہ بنگلہ دیش-بھوٹان-انڈیا-نیپال(بی بی آئی این) موٹر وہیکلز ایگریمنٹ(ایم وی اے) کے تحت ذیلی خطے (سب ریجن) میں مسافر گاڑیوں کے لیے آپریٹنگ طریقہ کار کے متن پر متفق ہوگئے ہیں اور جلد ہی پیسنجر پروٹوکول پر دستخط کے لیے داخلی منظوری کے عمل کی تکمیل کریں گے۔شریک ممالک اس معاہدے کے تحت مال بردار موٹر گاڑیوں (کارگو وہیکلز)کے لیے مزید آزمائشی تجربات کرنے پر بھی متفق ہوگئے ہیں۔تینوں ملکوں کے اعلیٰ سطحی اہلکاروں نے 10 سے11 جنوری کے دوران بنگلورو میں منعقدہ میٹنگ میں ایم وی اے نفاذ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس میٹنگ کا اہتمام اور صدارت حکومت ہند کے سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت نے کیا تھا۔بھوٹانی اہلکاروں کے ایک وفد نے بھی مشاہدین کے طورپر اس میٹنگ میں شرکت کی تھی۔
اس اہم ایم وی اے پر بی بی آئی ایم ممالک کے وزرائے نقل و حمل نے بھوٹان کے شہر تھِم پھو میں 15 جون 2015کو دستخط کئے تھے۔ ایم وی اے کے تحت مال بردار موٹر گاڑیوں کا ٹرائل رنز ماضی میں کولکاتہ-ڈھاکہ-اگرتلہ اور دہلی –کولکاتہ-ڈھاکہ روٹوں پر کیا گیا تھا۔ یہ تجربات ، اس معاہدے کے اقتصادی فوائد کو کامیابی کے ساتھ ثابت کرنے میں کامیاب رہے تھے۔بنگلہ دیش،ہندوستان اور نیپال پہلے ہی ایم وی اے کی توثیق کرچکے ہیں اور دستخط کنندہ تینوں ممالک کے درمیان ایم وی اے کے نفاذ کا آغاز کرنے متفق ہوچکے ہیں۔بھوٹان بھی اس معاہدے کی توثیق کرنے کے بعد اس میں شامل ہوجائے گا۔
سڑک نقل وحمل اور شاہراہوں کی وزارت کی جوائنٹ سیکریٹری اور بنگلورو میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرنے والی محترمہ دکشتا داس نے کہا کہ میں ایم وی اے اقدام کو آگے بڑھانے کے لیے بی بی آئی این ممالک کی مضبوط عہدبستگی سے حوصلہ مند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایم وی اے کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی طرف سے ہر ممکنہ کوشش کرے گا۔ اس کی کوشش اس خطے میں اقتصادی ہم آہنگی اور سرحد پار تجارت کو تیز تر کرنے کا ایک کلیدی وسیلہ بنانے کی بھی ہوگی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)بی بی آئی این موٹر گاڑی معاہدے کو ساؤتھ ایشیا سب ریجنل اکونومک کوآپریشن(ایس اے ایس ای سی) پروگرام کو تعاون دینے کے اپنے اقدام کے ایک جز و کے طورپر تکنیکی ، مشاورتی اور مالی امداد دستیاب کرا رہا ہے۔ایس اے ایس ای سی پروجیکٹوں پر مبنی اقتصادی تعاون سے متعلق پروگرام ہے جو بی بی آئی این ملکوں ، مالدیپ، سری لنکا اور حال ہی میں میانمار کو ایک ساتھ لایاہے۔ اے ڈی بی، ایس اے ایس ای سی کا سیکریٹریٹ ہے۔
بنگلہ دیش کی سڑک نقل وحمل اور پلوں کی وزارت کے ایڈیشنل سیکریٹری جناب شفیق الاسلام اور نیپال کے فیزیکل انفرااسٹرکچر اور نقل و حمل کی وزارت کے جوائنٹ سیکریٹری جناب کیشو کمار شرما کی زیر قیادت میٹنگ کے شرکاء نے پیسنجر پروٹوکول کے متن پر اتفاق کیا۔پسینجر پروٹوکول وہ دستاویز ہے جس میں بسوں اور نجی موٹر گاڑیوں کی سرحد پار نقل و حمل کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات درج ہیں۔ اس دستاویز پر اپنی اپنی حکومتوں کے اندر ضروری داخلی منظوری کی تکمیل کے بعد دستخط کئے جائیں گے۔وفود نے، کارگو وہیکولر مومنٹ سےمتعلق پروٹوکول کو حتمی شکل دیئے جانے سے قبل۔ اپریل 2018 سے مقررہ روٹوں پر کارگو وہیکلز کی آزمائشی نقل و حمل کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔سبھی شریک ملکوں کے وفود نے اس میٹنگ کو خطے میں نقل و حمل کی سہولت کی دستیابی کے عمل کو رفتار دینے کی سمت میں ایک بڑا سنگ میل قرار دیا۔