نئی دہلی، فروغ انسانی وسائل کے وزیر مملکت جناب اوپیندر کشواہا نے لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں آج بتایا کہ نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ ( این سی ای آر ٹی) تعلیمی میقات 2018-19 میں خاطر خواہ تعداد میں نصابی کتابیں دستیاب کرانے کے لئے تیار ہے۔ این سی ای آر ٹی کے سبھی سیل آؤٹ لیٹ پر اسکولوں کو سپلائی کرنے کے لئے کتابوں کا خاطر خواہ اسٹاک رکھا گیا ہے۔ این سی ای آر ٹی نے ملک بھر میں وینڈروں کے ڈسٹی بیوشن نیٹ ورک کو وسیع کیا ہے۔ اسکولوں اور والدین کی سہولت کے لئے ایسے وینڈروں (895) کی تفصیل این سی ای آر ٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی گئی ہے۔
این سی ای آر ٹی نے سبھی کو نصابی کتابوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے اسی کام کے لئے مخصوص ایک پورٹل تیار کیا ہے۔ نصابی کتابوں کی عدم دستیابی سے متعلق شکایات جن ٹیلی فون نمبروں اور ای- میل ایڈرس پر درج کرائی جاسکتی ہیں انہیں اس پورٹل پر نمایاں طور پر پیش کیا گیا ہے۔ این سی ای آر ٹی کا پبلی کیشن ڈویژن تعلیمی نصاب 2018-19 کے لئے نصابی کتابوں کی دستیابی کی سمت میں ہورہی پیش رفت پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے ۔ اگر کتابوں کی عدم دستیابی سے متعلق کوئی شکایت ملتی ہے تو این سی ای آر ٹی کا پبلی کیشن ڈویژن فور طور پر اسے دیکھے گا اور اسے حل کرے گا۔