نئی دہلی، حکومت نے تمام گاؤوں میں گرام نیٹ کے ذریعے وائی فائی فراہم کرنے کے اپنے وعدے کو دوہرایا ہے ، جس کی رفتار 10 ایم بی پی ایس سے 100 ایم بی پی ایس تک ہو گی ۔ سی – ڈی او ٹی کے 36 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک اہم خطبہ دیتے ہوئے مواصلات کے وزیر مملکت جناب سنجے شمراؤ دھوترے نے کہا کہ بھارت نیٹ کا یہ بھی منصوبہ ہے کہ وہ 1 جی بی پی ایس کنکٹی ویٹی فراہم کرے گا ، جسے 10 جی بی پی ایس تک توسیع دی جا سکتی ہے اور سی – ڈی او ٹی کے ایکس جی ایس – پی او این کے ذریعے ، جس کا آج آغاز کیا گیا ہے ، اس کے حصول میں بہت حد تک مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارت مہاتما گاندھی کی پیدائش کی 150 ویں سالگرہ منا رہا ہے ، تو یہ باپو کے لئے سچا خراج عقیدت ہو گا ، جنہوں نے بھارت کے گاؤوں کا خود کفیل بنانے کا خواب دیکھا تھا ۔
جناب دھوترے نے کہا کہ سی – ڈی او ٹی کی سی – ایس اے ٹی – ایف آئی ٹیکنا لوجی کے بھارت کے لوگوں ، خاص طور سے دیہی اور دور دراز کے لوگوں کو بااختیار بنائے گی کیونکہ ملک کے تمام حصوں میں کسی بھی موبائل پر ٹیلی فون اور وائی فائی کی سہولتیں حاصل ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنا لوجی کے ذریعے دور دراز کے علاقوں میں رہنے والے لوگ بھی اصل دھارے میں شامل ہو جائیں گے اور انہیں سیٹلائٹ کے ذریعے آپس میں جوڑ دیا جائے گا ، جہاں فائبر ڈالنا مشکل ہے اور جہاں انٹر نیٹ کی سہولت بھی حاصل نہیں ہے ۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سی – ڈی او ٹی کے ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر جناب وپن تیاگی نے کہا کہ سی – سیٹ – فائی (سی – ڈی او ٹی سیٹلائٹ وائی فائی ) وائر لیس اور سیٹلائٹ مواصلات کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر مبنی ہے تاکہ کنکٹی ویٹی کو ایسے علاقوں تک ، جن میں دور دراز کے جزائر اور دشوار گزار راستے بھی شامل ہیں ، پھیلا دیا جائے ، جہاں اب تک یہ سہولت حاصل نہیں ہے ۔ یہ سہولت آسانی سے فراہم ہو جانے کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کی صورت میں بھی بہت زیادہ مددگار ثابت ہو گی ، جہاں مواصلات کا کوئی اور ذریعہ فراہم نہیں ہو گا ۔ کم قیمت پر حاصل شدہ اس سہولت کے استعمال کے لئے مہنگے سیٹلائٹ فون کی ضرورت نہیں ہو تی بلکہ یہ کسی بھی ایسے فون میں استعمال ہو سکتا ہے ، جس میں وائی فائی استعمال ہو سکتا ہو۔
سی – ڈی او ٹی کا سیٹ ٹاپ باکس ( سی آئی ایس ٹی بی ) اُن غیر مطمئن صارفین کے لئے ایک نعمت ثابت ہو گا ، جو زیادہ لاگت آنے اور تنصیب کی مشقت کی وجہ سے اپنا کیبل ٹی وی آپریٹر تبدیل نہیں کر سکتے ۔ موبائل سِم کی طرح ایک پورٹیبل اسمارٹ کارڈ پر مبنی یہ سہولت کیبل ٹی وی آپریٹروں کو انقلابی نوعیت کا تجربہ فراہم کرے گی ، جنہیں اپنے نصب شدہ ایس ٹی بی کو تبدیل کئے بغیر بہت ہی آسان اور پُر سہولت انتخاب کا موقع حاصل ہو گا ۔
سینٹر فار ڈیولپمنٹ آف ٹیلی میٹکس ( سی – ڈی او ٹی ) ، جو بھارت سرکار کا اہم ٹیلی کام آر اینڈ ڈی سینٹر ہے ، اپنا 36 واں یومِ تاسیس 26-27 اگست کو منا رہا ہے ۔ پچھلے برسوں کی طرح اس سال بھی سی – ڈی او ٹی نے ایک ٹیکنیکل کانفرنس کا انعقاد کیا ، جہاں دنیا بھر کے فیلڈ ماہرین ، ٹیلی کام کی مہارت رکھنے والے افراد اور ماہرینِ تعلیم نے اپنے اپنے تجربات بیان کئے ۔ اس کانفرنس کا انعقاد مشترکہ طور پر سی – ڈی او ٹی اور یوروپی ٹیلی کمیونکیشن اسٹینڈرڈس انسٹی ٹیوٹس ( ای ٹی ایس آئی ) نے یوروپی یونین کی طرف سے فنڈ فراہم کردہ پروجیکٹ ‘‘ انڈیا – ای یو کوآپریشن آئی سی ٹی – رلیٹیڈ اسٹینڈرائزیشن ، پالیسی اور لیجسلیشن ’’ کے تحت کیا تھا ۔ اس میں ٹیلی کمیونکیشن اسٹینڈرڈس ڈیولپمنٹ سوسائٹی انڈیا ( ٹی ایس ڈی ایس آئی ) نے بھی اس کا ساتھ دیا ۔
تقریب کے افتتاحی اجلاس میں مواصلات کے وزیر مملکت جناب سنجے شام راؤ دھوترے ، ای ٹی ایس آئی کے ڈائرکٹر جنرل جناب لوئی جارج رومیرو اور بھارت میں یوروپی یونین وفد کے شاز دا افیئرس ہِز ایکسی لینسی ریمنڈ میگِس اور مواصلات کی وزارت کے متعدد سینئر افسران نے شرکت کی ۔