نئی دہلی: سماجی انصاف وتفویض اختیارات کے مرکزی وزیر جناب تھاور چند گہلوت نے رواں ہندوستان کے بین الاقوامی تجارتی میلے 2017 میں سماج کے کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے ملک بھر کے دست کاروں کے سالانہ میلے کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر موصوف نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزارت نے یہ جدت طرازانہ اقدام کیا ہے تاکہ وزارت کے ترقیاتی پروگراموں پر توجہ مرکوز کی جاسکے اور دست کاروں کی حصولیابیوں کو نمایاں کیا جاسکے۔
وزیر موصوف نے ملک کے تقریبا ہر حصے سے آنے والے دست کاروں اور وزارت سے وابستہ چوٹی کے کارپوریشنوں کے سی ایم ڈیز اور ایم ڈیز کو اس تقریب کے انعقاد کے لیے مبارکباد دی اور مشورہ دیا کہ اس طرح کی نمائشوں کا انعقاد ملک کے مختلف شہروں میں وقتا فوقتا کیا جانا چاہیے جن میں ہدف شدہ گروپ کے دستکاروں کو اپنی مصنوعات اور ہنرمندی کی نمائش کے لیے مدعو کیا جائے۔
وزیر موصوف نے ہنرمندی کے معیار کو بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزارت اور چوٹی کے کارپوریشنوں سے ہنرمندی کے فروغ کے سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کے لیے کہا۔ انھوں نے روایتی فنون و دستکاری کے شعبے میں ہنرمندی کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا۔
آسام، کرناٹک، گجرات، دہلی، پڈوچیری، مدھیہ پردیش، جموں وکشمیر، راجستھان، تمل ناڈو، اترپردیش، مغربی بنگال وغیرہ کے دستکاروں کو لکڑی کے کھلونوں، موتی کی جویلری، ڈریس مٹیریل، شال، ٹائی اور ڈائی یعنی رنگائی سے متعلق مصنوعات، سنگ نیر پرنٹ، ہینڈلوم، پینٹنگ، ووڈ ان لے، بنارسی ساڑیوں، بانس سے بنے سامان، سزنی ورک، چمڑے کے سازوسامان وغیرہ کی نمائش اور فروخت کے لیے 40 اسٹال الاٹ کئے گئے ہیں۔