نئی دلّی: بھارتی بحریہ ( آئی این ) اور جاپان کی بحری سیلف ڈیفنس فورس ( جے ایم ایس ڈی ایف ) کے درمیان بھارت – جاپان باہمی بحری مشقوں ، جمیکس کا پانچواں ایڈیشن 6 اکتوبر سے 8 اکتوبر ، 2021 ء کو بحیرۂ عرب میں منعقد ہوں گی ۔ جمیکس سیریز کی مشقیں جنوری ، 2012 ء میں بحری سکیورٹی تعاون پر خصوصی توجہ کے ساتھ شروع کی گئی تھیں ۔ جمیکس کا آخری ایڈیشن ستمبر ، 2020 ء میں منعقد ہوا تھا ۔
ملک میں تیار کردہ گائیڈیڈ میزائل سے لیس جنگی جہاز کوچی اور گائیڈیڈ میزائل جہاز تیگ ، مغربی بیڑے کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ ریئر ایڈمیرل اجے کوچر کی کمان میں بھارتی بحریہ کے نمائندگی کریں گے ۔ جاپانی بحری سیلف ڈیفنس فورس کی نمائندگی جے ایم ایس ڈی ایف کے جہاز کاگا ، جو ایزومو کلاس کا ہیلی کاپٹر کیریئر ہے اور موراسامے ، جو ایک گائیڈیڈ میزائل والا جنگی جہاز ہے ، کمانڈر ایسکورٹ فلوٹیلا – 3 ( سی سی ایف – 3 ) ریئر ایڈمیرل ایکیو چلزرو کی قیادت میں نمائندگی کریں گے ۔ ان کے علاوہ ، ان مشقوں میں پی 81 لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ایئر کرافٹ ، ڈورنیئر گشتی جہاز ، مربوط ہیلی کاپٹر اور مگ 29 کے جنگی جہاز بھی شرکت کریں گے ۔
جمیکس – 21 کا مقصد تمام بحری کارروائیوں میں کارروائی کے ضابطوں کی مشترکہ مفاہمت کو فروغ دینا اور کثیر رخی جدید مشقوں کے انعقاد کے ذریعے ایک دوسرے پر منحصر ہوکر کارروائی کو فروغ دینا ہے ۔ کثیر رخی عسکری مشقوں میں ہتھیاروں سے فائرنگ ، کراس ڈیک ہیلی کاپٹر کی کارروائیاں ، آبدوز شکن اور فضائی جنگی مشقیں دونوں بحریاؤں کے درمیان تال میل کو مستحکم کریں گی ۔
بھارت اور جاپان کے درمیان بحری تعاون میں گزرتے ہوئے برسوں کے ساتھ کافی اضافہ ہوا ہے ۔ جمیکس – 21 دونوں بحریاؤں کے درمیان تعاون اور باہمی اعتماد کو مزید فروغ دیں گی اور دونوں ملکوں کے درمیان طویل مدتی دوستی کو مزید مربوط کریں گی ۔