نئی دہلی، جدہ میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ ، جدہ چیمبر اور ٹریڈ پروموشن کونسل آف انڈیا(ٹی پی سی آئی) کے تعاون سے جدہ، سعودی عرب میں ایک فوڈ اینڈا یگرو بائر -سیلر میٹ(بی ایس ایم) کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس اجلاس میں 4اہم مصنوعات-چاول، چائے، مصالحوں اور سوکھے میووں کے ہندوستانی برآمد کار سعودی عرب کے اہم درآمدکاروں سے ملاقات کریں گے۔ فوڈ اور ایگریکلچر مصنوعات شعبے کی چاول، چائے مصالحے اور سوکھے میوے برآمد کرنے والی 25ہندوستانی کمپنیاں اس کانفرنس میں سعودی عرب کے درآمدکاروں سے ملاقات کریں گی۔ اس کانفرنس کا افتتاح 11نومبر 2018 کو جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل، محمد نور رحمان شیخ اور جدہ چیمبر س کے سیکریٹری جنرل حسن ابراہیم دہلان کریں گے۔
سعودی عرب میں ان چارمصنوعات کی برآمد کی بہت اچھی توقعات ہیں۔ سعودی عرب، ہندوستان کی غذائی مصنوعات اور مشروبات کا اہم بازار رہا ہے۔یہ کانفرنس ہندوستانی کمپنیوں کے لیے کاروبار اور تجارت کے امکانات تلاش کرنے میں ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ اس کانفرنس کے دوران صارفین کے رجحانات کا پتہ چلے گا اور مشترکہ وینجرس اور باہمی اشتراک وتعاون قائم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
ہندوستان سے چاول برآمد کرنے میں باسمتی چاول کی اہم حصے داری رہی ہے۔ کل باسمتی چاول کا 72 فیصد چاول کی برآمد ہندوستان سے کی جاتی ہے۔ عالمی بازار میں بھی باسمتی چاول کی برآمد میں ہندوستان کی اہم حصے داری ہے۔
اپنی جغرافیائی پوزیشن اور خصوصیات کے سبب ہندوستان میں اعلیٰ قسم کی چائے پیدا ہوتی ہے۔ ہندوستان دنیا میں چائے پیدا کرنے والا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے اور چوتھا سب سے بڑا برآمد کار ہے۔ عالمی چائے پیداوار میں ہندوستان کی حصے داری 23 فیصد ہے، جبکہ کل چائے برآمدگی میں ملک کی حصے داری 7.5فیصد ہے۔ ہندوستان 60 سے زیادہ ممالک کو چائے برآمد کرتا ہے۔ ایران، روس، برطانیہ، امریکہ اور خلیج ممالک ہندوستانی چائے کے اہم درآمدکار ہیں۔جی سی سی ممالک میں ہندوستانی مصالحوں کی بہت زیادہ مانگ ہے اور ہندوستانی مصالحے اپنی خوشبو اور ذائقوں کے لئے ان ممالک میں کافی مقبول ہیں۔ سعودی عرب ہندوستان سے کالی مرچ، ادرک اور الائچی درآمد کرتا ہے۔
سعودی عرب، ہندوستان کے سب سے اہم تجارتی اور ایف ڈی آئی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ 2017 ءمیں ہندوستان نے سعودی عرب کو 5بلین ڈالر کی برآمدکی۔ ہندوستان سے سعودی عرب کو برآمد کی جانے والی اہم مصنوعات ہیں۔ چاول، کیمیکلز، ریفائنڈ پیٹرولیم تیل اور موٹر گاڑیاں و ان کے کل پُرزے۔ 2017 ء میں سعودی عرب سے ہندوستان کو ہونے والی برآمد 21 بلین ڈالر رہی۔ اس طرح 2017ء میں ہندوستان کو 16 بلین ڈالرکا بڑا تجارتی خسارہ اٹھانا پڑا۔ پیٹرولیم، سعودی عرب سے ملک ملک میں برآمد ہونے والی سب سے بڑی یا اہم مصنوعات ہے۔ سعودی عرب کو کی جانے والی برآمد میں اضافہ کرکے ہندوستان اس کاروباری خسارے کو کم کرنا چاہتا ہے۔