نئی دہلی، نائب صدرجمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ ہمیں ملک میں خواتین کے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آج یہاں مصنف اور لاء کمیشن آف انڈیا کے سابق جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر پون شرما کے ہاتھوں اُن کی کتاب ’’جرنی آف وومن لاء ریفارمس اینڈ دی لاء کمیشن آ ف انڈیا- سم انسائٹس‘‘ کی پہلی کاپی وصول کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے یہ بات کہی۔
نائب صدر نے کہا کہ مصنف نے اپنی کتاب میں ایک شاندار تجزیہ کیا ہے اور اس طرح کے مزید مطالعات سے ملک کی توجہ ، ازدواجی قوانین، املاک قوانین، وراثت، جانشینی اور سرپرستی سے متعلق قوانین کے ساتھ ساتھ این آر آئی شادیوں اور جنسی تشدد کے مسائل جیسے اہم شعبوں پر مرکوز کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس کتاب سے مزید متعدد ماہرین کو اس بات کی ترغیب ملے گی کہ وہ اگلے چند برسوں میں خواتین کے مسائل پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔