نئی دہلی، شمال مشرقی خطے کی ترقی (ڈی او این ای آر) کی وزارت کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) وزیرا عظم کے دفتر ، عملے ، عوامی شکایات اور پنشن ، ایٹمی توانائی اور خلا کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج مرکزی وزیر داخلہ جناب راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ ساتھ بنکروں کی تعمیر سےمتعلق مختلف معاملات پر بات چیت کی۔ انہوں نے ابتدا میں 8 افراد فی بنکر کی صلاحیت والے 13029 انفرادی بنکروں اور 40 افراد فی بنکر کی صلاحیت والے 1431 کمیونٹی بنکروں کی تعمیر کے لئے مرکزی فنڈ مختص کئے جانے کے احکامات جاری کرنے کے لئے وزیرداخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جناب راج ناتھ سنگھ سے درخواست کی کہ اگر قابل عمل ہو تو بنکروں کی تعمیر کا کام براہ راست کسی مرکز ی ایجنسی مثلاً سی پی ڈبلیو ڈی یا این بی سی سی سے کرایا جائے تاکہ تمام کام تیزی سے انجام پائے اور اس کی بہتر نگرانی کی جاسکے۔ سرحد پار کی فائرنگ کا شکار ہونے والوں اور ایسے لوگوں جن کی فصل کا نقصان ہوا ہے یا جن کے مویشی ہلاک ہوئے ہیں یا جن کے مکانوں کو نقصان ہوا ہے، کو معاوضہ کی ادائیگی کے طویل مدت سے زیر التوا معاملے میں گزشتہ روز منظوری دینے کے لئے بھی انہوں نے وزیرداخلہ کا شکریہ ادا کیا ۔
گزشتہ دنوں کے واقعات کو یاد کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بنکروں کی تعمیر کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اس مطالبے پر توجہ دی اور اس سلسلہ میں کارروائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں صرف کمیونٹی بنکروں کی تعمیر کا منصوبہ تھا لیکن انفرادی بنکروں کی تعمیر کے کچھ حلقوں کے مطالبے کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ نے جہاں کہیں قابل عمل ہو ، کمیونٹی بنکروں کے ساتھ ساتھ انفرادی بنکروں کی تعمیر کے لئے بھی فنڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے سرحدی علاقے کے مطالبات پر پوری توجہ دی ہےا ور انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حاصل کی گئی زمین وغیر ہ کے لئے معاوضہ اور اسی طرح کے دیگر معاملات کو بھی مناسب وقت پر حل کرلیا جائے گا۔