نئی دہلی، ،نئی اور قابل تجدید توانائی اور بجلی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب آر کے سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تیزی سے ترقی کررہا ہے اور ہم 2022 تک 175 جی ڈبلیو قابل تجدید توانائی کا ہدف کو پار کرلیں گے۔ وہ آج گرودوارہ رکاب گنج صاحب میں دہلی سکھ گرودوارہ منیجمنٹ کمیٹی ( ڈی ایس جی ایم سی) کے ذریعے لگائے گئے 1500 کے ڈبلیو پی صلاحیت کے شمسی پلانٹ کے افتتاح پر مہمان خصوصی کے طور تقریر کررہے تھے۔
ڈی ایس جی ایم سی کے ذریعے اٹھائے گئے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے جناب سنگھ نے کہا کہ اس سے دوسرے اداروں کو بھی ماحول دوست ہونے کی تحریک ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں 20 شہروں کو دنیا میں سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں شامل کیا گیا ہے، اس لئے معدنی ایندھن کے استعمال کو فوری طور پر کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے بچوں کے لئے ایک بہتر دنیا چھوڑ سکیں۔ وزیرموصوف نے 31 دسمبر 2018 تک ہر گھر میں بجلی پہنچانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
شمسی توانائی کے پلانٹ کا افتتاح سنت بلبیر سنگھ جی سیچاوال اور بابا سیوا سنگھ جی نے کیا۔ اس موقع پر موجود اہم شخصیات میں ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب ہردیپ پوری اور ماحولیات، جنگلات اور آب وہوا میں تبدیلی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن بھی شامل ہیں۔