نئی دہلی، مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ جناب جی کشن ریڈی نے آج یہاں قومی راجدھانی خطہ دہلی کے خوردنی ہوٹلوں؍اقامتی ہوٹلوں کا لائسنس جاری کئے جانے کے لئے ایک سنگل ونڈو آن لائن سسٹم لانچ کیا۔ یہ منفرد اقدام قومی راجدھانی خطہ دہلی میں لائسنس جاری کرنے کے عمل میں شامل ایجنسیوں کی متفقہ کوششوں کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد کاروبار کرنے کی آسانی کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر جناب ریڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ یہ پورٹل وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس خواب کی عملی تعبیر کی سمت میں ایک اہم قدم کی حیثیت رکھتا ہے، جس میں فلاح پر مبنی اقتصادی اصلاحات کے ذریعہ بدعنوانی سے پاک معیشت قائم کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کاروبار کرنے کی درجہ بندی میں تدریجاً اضافہ کیا ہے اور سرکار نئے کاروبار شروع کرنے کے لئے کاروباریوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی اشیا اور مشروبات تیار کرنے اور فراہم کرنے کا شعبہ ایک بہت بڑا شعبہ ہے اور 2021 تک یہ شعبہ ہندوستان کی مجموعی گھریلو شرح نمو میں کم از کم دو فیصد کا اضافہ کرے گا۔
جناب جی کشن ریڈی نے اس پورٹل کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنگل ونڈو کلیئرنس سسٹم ڈیجیٹل انڈیا پروگرام کے تحت تیار کیاگیا ہے، تاکہ لوگوں کو لائسنس حاصل کرنے میں آسانی ہوسکے اور وہ دہلی میں اپنے خوردنی؍اقامتی ہوٹلوں کے کاروبار شروع کرسکیں۔ یہ مدت مقررہ کے اندر لائسنس جاری کئے جانے کا مربوط اور شفاف نظام خالصتاً عوام دوست نظام ہوگا اور اس سے بدعنوانی پر شکنجہ کسا جاسکے گا۔ اس نظام اور اس کے ضابطوں پر عمل آوری سے تمام متعلقہ دعویدار استفادہ کرسکیں گے۔ اس یونیفائڈ پورٹل کا مقصد اندراج اور جانچ سمیت تمام ضابطوں کو منقطی اور سہل بنانا ہے، تاکہ لائسنس حاصل کرنے کے لئے درخواست دینے والے لوگ اپنی درخواست اور اس پرعمل درآمد کی نوعیت واقفیت حاصل کرسکیں۔