17.9 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

جناب دھرمیندر پردھان نے 11 ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیلے 56 سی این جی اسٹیشنوں کو وقف کیا

Urdu News

نئی دلّی: پیٹرولیم ، قدرتی گیس اور  اسٹیل کے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے ماحول دوست  کمپریسڈ قدرتی گیس ( سی این جی ) کی رسائی میں توسیع کے لئے  آج ایک آن لائن تقریب کے ذریعے ملک میں  48 سی این جی اسٹیشنوں کو قوم کے نام وقف کیا اور دیگر 8 سی این جی اسٹیشنوں کا افتتاح کیا ۔ یہ 56 سی این جی اسٹیشن   11 ریاستوں / مرکز کے زیر  انتظام علاقوں   – گجرات ، ہریانہ ، جھار کھنڈ ، کرناٹک ، مدھیہ پردیش ، مہاراشٹر ، نئی دلّی ، پنجاب ، راجستھان ، تلنگانہ اور اتر پردیش   میں پھیلے ہوئے ہیں  اور  11 مختلف  سرکاری اور پرائیویٹ  اداروں سے تعلق رکھتے ہیں ۔

          ملک میں گیس کے نیٹ ورک  کو توسیع دینے میں تمام فریقوں کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے جناب پردھان نے کہا کہ  ملک کی  72 فی صد آبادی کا جلد ہی  سٹی گیس ڈسٹری بیوشن ( سی جی ڈی )  نیٹ ورک کے ذریعہ احاطہ کیا جائے گا ، جو  ملک کے 53 فی صد جغرافیائی علاقے پر مشتمل ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک  گیس پر مبنی  معیشت کی جانب  پیش رفت کر ر ہا ہے ۔   پی این جی اسٹیشنوں کی تعداد 25 لاکھ سے بڑھ کر 60 لاکھ ہو گئی ہے ۔ صنعتوں کے  28000 گیس  کنکشن بڑھ کر 41000 ہو گئے ہیں اور سی این جی  موٹر گاڑیوں کی تعداد 22 لاکھ سے بڑھ کر 34 لاکھ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ   ایک اطمینان کا پہلو ہے کہ سرکاری سیکٹر کے علاوہ پرائیویٹ کمپنیاں بھی ملک میں گیس کے بنیادی ڈھانچے  کی توسیع میں  کھلے دل سے شرکت کر رہی ہے ۔

          وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت توانائی   کی رسائی   ، سکیورٹی اور  قابل ِ برداشت بنانے کے لئے کام کر رہی ہے ۔  انہوں نے اپنا یہ نظریہ پیش کیا کہ جلد ہی صارفین کو ایک ہی مقام پر پیٹرول ، ڈیزل ، سی این جی ، ایل این جی ، پی این جی اور ایل پی جی  جیسے تمام ایندھن  دستیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت    نے  ڈیزل کے لئے  پہلے ہی موبائل ڈسپینسر شروع کر دیئے ہیں اور   انہیں پیٹرول  اور ایل این جی کے لئے بھی توسیع دی جائے گی ۔  جناب پردھان نے کہا کہ لوگ  مستقبل میں  گھر پر ہی ایندھن  کی سپلائی  حاصل کر سکیں گے  ۔

          پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کے سکریٹری جناب  ترون کپور نے کہا کہ   بھارت  ، دنیا میں توانائی  استعمال کرنے والا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے اور   توانائی  کی باسکیٹ میں گیس  کی حصہ داری کو 15 فی صد تک کرنے کے لئےتیزی سے کام کر رہا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ ملک میں اقتصادی سرگرمیوں اور  توانائی کے استعمال  میں اضافہ ہو گا ۔  انہوں نے کہا کہ حکومت   گیس کو  فروغ دے گی  کیونکہ یہ ماحول دوست   اور   نسبتاً سستا متبادل ہے ۔

          اس ورچوول  افتتاحی تقریب میں  پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت  ، گیس کمپنیوں ، تیل فروخت کرنے والی کمپنیوں کے سینئر عہدیداروں کے علاوہ متعلقہ فریقوں نے شرکت کی ۔

          ان اسٹیشنوں پر کام کی تکمیل میں پورے ملک میں کورونا  وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے عائد کردہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اثر پڑا ہے ۔ البتہ پچھلے مہینے پابندیوں میں نرمی  کے بعد کام میں تیزی آئی ہے اور سوشل ڈسٹینسنگ اور تمام تحفظاتی اقدامات کے ساتھ اس کام کو پورا کیا گیا ۔ بھارت کے سی این جی نیٹ ورک میں اِس اضافے کے ساتھ  اب ملک میں سی این جی کی  50000 سے زیادہ گاڑیوں   کو گیس فراہم کرنے کی صلاحیت پیدا ہو گئی  ہے ۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More