نئی دلّی ، وزیر داخلہ جناب راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں مرکزی مسلح پولیس فورسز کے ڈائریکٹر جنرل حضرات کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ داخلی امور کے وزیر مملکت جناب ہنس راج گنگا رام اہیر اور جناب کرن ریجیجو بھی اس میٹنگ میں موجود تھے ۔
میٹنگ کے دوران سی اے پی ایف عملے اور پالیسی سے متعلق متعدد موضوعات پر گفت و شنید ہوئی ۔ جن موضوعات پر بات چیت ہوئی ، ان میں سی اے پی ایف عملے سے متعلق ہاؤسنگ ، بھرتی اور خالی اسامیوں کو پُر کرنے ، سی اے پی ایف میں ڈاکٹروں کی قلت ، نئے مسلح مرکزی پولیس فورس دستوں کی تشکیل ، ساحلی سرحدی پولیس فورس کے قیام ، سی اے پی ایف کے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے قیام ، فورسز کے لئے کیڈر ریویو ، بی ایس ایف ایئر وِنگ پر نظر ثانی اور سی اے پی ایف کے ذریعے مختلف اشیاء کی حصولیابی جیسے امور شامل ہیں ۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے میٹنگ کے دوران مختلف زیر بحث لائے گئے امور اور موضوعات کے سلسلے میں سی اے پی ایف کے ذریعے حاصل کی گئی پیش رفت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس امر کی کوششیں کی جائیں گی کہ تمام التوائی کام بر وقت مکمل کر لئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ فورسز کی جانب سے اٹھائے گئے امور اور معاملات کا جائزہ لے گی اور ہر معاملے میں اپنی جانب سے بہتر سے بہتر اقدامات کرنے کی کوشش کرے گی ۔ نو جوان عملے کو فیلڈ جاب سونپنے کے سلسلے میں ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیر موصوف نے سی اے پی ایف سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرے ۔ داخلی امور کے سکریٹری جناب راجیو مہا رشی ، سی اے پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل حضرات ( سی آر پی ایف ، سی آئی ایس ایف ، بی ایس ایف ، اے آر، ایس ایس بی ، آئی ٹی بی پی ، این ایس جی ) اور وزارت داخلہ کے دیگر سینئر افسران بھی اس میٹنگ میں شریک تھے ۔