یکم جون 2022 کو قانونی امور کے محکمے نے قانون اور انصاف کے وزیر جناب کرن رجیجو کے حکم پر قانون کے طلباء کی خاطر انٹرنشپ پروگرام کے لئے اپنے اداروں کے در وا کئے۔ یہ قدم وزیر مملکت پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل، لا سکریٹری ڈاکٹر نتن چندرا اور قانونی امور کے محکمے میں ایڈیشنل سکریٹری ڈاکٹر انجو راٹھی رانا کی قابل رہنمائی میں اٹھایا گیا ہے۔ مذکورہ انٹرن شپ پروگرام کا مطلوبہ مقصد قانون کے نوجوان طلباء کو تحقیقی اور حوالہ جاتی کام میں تربیت دے کر قانونی امور کے شعبہ کے کاموں سے واقف کرانا اور قانون کے مختلف مخصوص شعبوں جیسے آئینی اور انتظامی قانون، مالیاتی قانون، بنیادی ڈھانچے کا قانون، اقتصادی قانون، مزدوروں سے متعلق قانون، نقل و حمل، ثالثی اور معاہدہ جاتی قانون وغیرہ میں قانونی مشورےدینا ہے۔
قانون اور انصاف کے وزیر جناب کرن رجیجو نے ملک کے نوجوان ہنرمندوں کو اس انٹرن شپ پروگرام کے لئے درخواست دینے کی سفارش کی ہے۔
جناب کرن رجیجو نے ٹویٹ کیا:
محکمہ قانونی امور میں کام کرنے کا ایک بہترین موقع، یہ قانون کے طلباء کے لئے دہلی، ممبئی، بنگلورو، کولکتہ اور چنئی میں #انٹرن شپ متعارف کرواتا ہے۔
میں ذہین نوجوانوں سے اس انٹرنشپ کے لئے اس پتے پر درخواست دینے کی سفارش کرتا ہوں
https://legalaffairs.gov.in/internship
اس انٹرن شپ پروگرام کے لئے اہلیت کے معیار حسبِ ذیل ہیں۔ درخواست دہندگان کا ہندوستانی طلباء ہونا ضروری ہے۔ جو تین سالہ ڈگری کورس کے دوسرے اور تیسرے سال میں اپنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور پانچ سالہ ڈگری کورس کے تیسرے سے پانچویں سال میں ہیں یا وہ طلباء جنہوں نے کسی تسلیم شدہ کالج/ لاء اسکول/ یونیورسٹی سے اپنا ایل ایل بی کورس مکمل کیا ہے۔ اس انٹرن شپ کا دورانیہ عام طور پر ایک ماہ تک رہے گا جو ہر مہینے کے پہلے کام کے دن سے شروع ہو جائے گا جب تک کہ دوسری صورت پیش نہ کی جائے۔ ماہانہ انٹرن شپ امکانی طور پر جون 2022 سے مئی 2023 تک شروع ہو گی۔
ایک مقرّرہ مہینے میں زیادہ سے زیادہ 10تا 30 انٹرنز کی اجازت دی جائے گی۔ قانونی امور کے محکمے کے تحت انٹرن شپ پروگرام سے گزرنے کے خواہش مند طلباء اپنی درخواست اپنے متعلقہ کالج/ لاء اسکول/ یونیورسٹی سے متعلقہ دستاویزات/ این او سی کے ساتھ داخلہ لےسکتے ہیں۔ درخواست فارم اس ویب سائٹ پر حاصل کیا جا سکتا ہے:
https://legalaffairs.gov.in/internship
تمام درخواست دہندگان کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ فارم آن لائن بھریں اور جیسا کہ ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے آخری تاریخ سے پہلے تمام دستاویزات اپ لوڈ کر دیں۔
پروگرام کے لئے انٹرنز کا انتخاب پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر کیا جائے گا جو سلاٹس کی دستیابی اور مجاز اتھارٹی کی منظوری سے مشروط ہوگا۔ مزید تمام متعلقہ اطلاعات درخواست دہندگان کو ایس ایم ایس اور ای میلز کے ذریعے بھیجی جائیں گی۔منتخب انٹرنز کو نئی دہلی، ممبئی، چنئی، بنگلورو اور کولکاتہ میں قانونی امور کے محکمے میں مناسب سطح کے افسر کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔
انٹرن شپ پروگرام کے اختتام پر تمام انٹرنز کو قانونی امور کے محکمے میں اپنے انجام دئیے جانے والے کام کے بارے میں رپورٹ پیش کرنا ہوگی اور انٹرن شپ کا سرٹیفکیٹ انٹرن شپ کی تسلی بخش تکمیل پر دیا جائے گا، ساتھ ہی 5000 روپے اعزازیہ بھی ملے گا۔ انٹرن شپ کی تسلی بخش تکمیل کے لئے دوسری باتوں کے علاوہ 90 فی صد حاضری لازمی ہے۔ مذکورہ انٹرن شپ ایک کل وقتی انٹرنشپ ہے جس میں عملاً شرکت کرنا ہو گی۔ انٹرن سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ انٹرن شپ کے دوران کوئی دوسرا کورس/کام نہیں کریں گے۔
مزید تمام معلومات اور وضاحتیں سیکشن آفیسر سے رابطہ کرکے حاصل کی جاسکتی ہیں۔