16.3 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

جناب گوڑا نے ریاست تلنگانہ کے لئے یوریا کی وافر سپلائی کی یقین دہانی کرائی

Urdu News

نئی دہلی: کیمیاوی اشیاء اور کیمیاوی کھادوں کے وزیر جناب ڈی وی سدانند گوڑا نے کہا ہے کہ جاری خریف کے  سیزن کے دوران کیمیاوی کھادوں کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے اور ان کی وزارت سپلائی کی صورت حال پر باریکی سے نظر بنائے ہوئے ہے۔

تلنگانہ کے وزیر زراعت جناب سنگی ریڈی نرنجن ریڈی نے آج نئی دہلی میں جناب گوڑا سے ملاقات کی ، تاکہ تلنگانہ میں یوریا کی دستیابی کے موضوع پر گفت و شنید ہوسکے۔جناب ریڈی نے کہا کہ خریف کے اس سیزن میں یوریا کے فروخت میں گزشتہ برس کے مقابلے میں خاطر خواہ اضافہ رونما ہوا ہے۔ساتھ ہی ساتھ ریاست میں زیر کاشت رقبے میں بھی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے جاری مہینے کے دوران تلنگانہ کو یوریا کی سپلائی کے عمل میں تیزی لانے کی گزارش کی۔

جناب گوڑا نے کہا کہ کیمیاوی کھادوں کا محکمہ ریاست کو یوریا کی سپلائی کئے جانے کے عمل کی قریبی نگرانی کررہا ہے، ساتھ ہی ساتھ ہفتہ واری ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بھی اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ افسران کے مابین روز مرہ کی بنیاد پر گفت و شنید عمل میں آتی ہے اور اٹھایا جانے والا ہر موضوع  اور مسئلہ ترجیحی بنیاد پر حل کیاجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طے شدہ منصوبے کے مطابق سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہدایات پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں اور اس  پر قریبی نگاہ رکھی جارہی ہے۔

جناب گوڑا نے تلنگانہ حکومت سے گزارش کی ہے کہ وہ آئی ایف ایم ایس ڈیش بورڈ پر فروخت ، دستیابی ، ذخیرے کی تازہ ترین اور بروقت تفصیلات کے اعدادو شمار کی پیشکش کو یقینی بنائے، تاکہ اصل بنیادوں پر کیمیاوی کھادوں کی دستیابی کی اصل تصویر سامنے آسکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سپلائی کے عمل کو مستحکم بنایا جائے گا اور محکمہ اس امر کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری رکھے گا کہ یوریا تلنگانہ کے کاشت کاروں کو ان کی ضروریات کے مطابق وافر مقدار میں دستیاب رہے۔

ریاست تلنگانہ کے لئے مکمل خریف کے سیزن کے دوران مجوزہ ضرورت 10.00لاکھ میٹرک ٹن کے بقدر رکھی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ یکم اپریل2020 سے 16اگست 2020 کے دوران 6.79لاکھ میٹرک ٹن کی ضرورت کا اظہار کیا گیا تھا، جبکہ کیمیاوی کھادوں کے محکمے کی جانب سے 4.01لاکھ میٹرک ٹن کے اوپننگ اسٹاک سمیت 9.04لاکھ میٹرک ٹن کیمیاوی کھادوں کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

جاری ماہ اگست کے دوران ، 2.50لاکھ میٹرک ٹن کی مجوزہ ضرورت کے برخلاف کیمیاوی کھادوں کے محکمے نے اپنی جانب سے (2.67لاکھ میٹرک ٹن کے اوپننگ اسٹاک سمیت) 3.38لاکھ میٹرک ٹن کیمیاوی کھادوں کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے۔ تلنگانہ میں 16 اگست 2020 کو دستیاب یوریا کا اسٹاک 1.76لاکھ میٹرک ٹن کے بقدر ہے، جو رواں مہینے کی بقیہ ضروریات کی تکمیل کے لئے کافی ہے۔رواں مہینے کے لئے ضروریات 1.20لاکھ میٹرک ٹن کے بقدر ہیں۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More