نئی دلّی: شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر مملکت ( آزادانہ چارج ) جناب ہردیپ سنگھ پوری نے لائف لائن اڑان کے ذریعہ پورے ملک میں شہریوں کو طبی اور ضروری اشیاء کی سپلائی دستیاب کرنے کے لئے کووڈ – 19 کے لاک ڈاؤن کے دوران ہوا بازی کے پیشہ ور افراد اور متعلقہ افراد کی کوششوں کی ستائش کی ہے ۔ آج ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ آج تک لائف لائن اڑان کی پروازوں نے 343635 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا ہے ۔ ایئر انڈیا ، الائنس ایئر ، آئی اے ایف اور پرائیویٹ ایئر لائنوں نے لائف لائن اڑان کے تحت 347 پروازیں کیں ۔ ان میں 206 پروازیں ایئر انڈیا اور الائنس ایئر نے کیں ۔ اب تک 591.66 ٹن کارگو کی نقل و حمل کی گئی ہے ۔
وستارا نے 19 – 23 اپریل کے درمیان 7 کارگو پروازیں چلائیں ، جس میں 8989 کلو میٹر فاصلہ طے کرتے ہوئے تقریباً 20 ٹن سامان پہنچایا گیا ۔ اسپائس جیٹ نے 24 مارچ سے 23 اپریل ، 2020 ء کے دوران 522 کارگو پروازیں چلائیں ، جس میں 794846 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا گیا اور 3993 ٹن کارگو سپلائی کیا گیا ۔ اس کے علاوہ ، 178 بین الاقوامی کارگو پروازیں چلائی گئیں ۔ بلیو ڈارٹ نے 25 مارچ سے 23 اپریل ، 2020 ء کے دوران 184 پروازیں چلائیں ، جس میں 187155 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے 2957 ٹن سامان کی نقل و حمل کی گئی ۔ ان میں 6 بین الاقوامی پروازیں تھیں ۔ انڈیگو نے 3 سے 23 اپریل ، 2020 ء کے دوران 37 کارگو پروازیں چلائیں ۔ 48344 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا گیا اور 101 ٹن سامان کی ترسیل کی گئی ۔ ان میں 8 بین الاقوامی پروازیں شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ ، ان پروازوں میں حکومت کے لئے سامان کی مفت ترسیل بھی کی گئی ۔ گھریلو کارگو آپریٹر تجارتی بنیاد پر پروازیں چلا رہے ہیں ۔
بین الاقوامی سیکٹر میں 23 اپریل ، 2020 ء کو ایئر انڈیا کی پروازوں کے ذریعہ ہانگ کانگ اور گونگژو سے 61 ٹن طبی ساز و سامان لایا گیا ۔ ا س کے علاوہ ، بلیو ڈارٹ نے 14 اپریل اور 23 اپریل ، 2020 ء کو گونگژو سے 86 ٹن طبی سامان پہنچایا ۔