شہری ہوا بازی اور اسٹیل کے مرکزی وزیر جناب جیوترادتیہ ایم سندھیا نے شہری ہوا بازی کے وزیر مملکت ریٹائر جنرل ڈاکٹر وجے کمار سنگھ کے ساتھ آج غیر روایتی طور پر جے پور اور جودھپور کو ملانے والی پرواز کا افتتاح کیا۔
اس روٹ پر اِنڈیگو کی 2 فروری 2023 سے درج ذیل شیڈول کے تحت پروازیں ہوں گی۔
فلائٹ نمبر | منزل | مقامِ روانگی | تواتر | روانگی کا وقت | پہنچنے کا وقت | طیارہ | آغازِ عمل |
6E-7406 | جودھ پور | جے پور | پیر، منگل، جمعرات، جمعہ | 09:55 | 10:55 | اے ٹی آر | 02 فروری 2023 |
6E-7131 | جے پور | جودھ پور | پیر، منگل، جمعرات، جمعہ | 11:15 | 12:15 |
شہری ہوابازی کے وزیر جناب جیوتی رادتیہ سندھیا نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ یہ بہت اہم موقع ہے کہ ملک کے دو اہم شہروں کو جوڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ نیا رابطہ کس طرح دہلی-آگرہ-جے پور کے پہلے سے قائم گولڈن ٹرائینگل ٹورسٹ سرکٹ کو مزید تقویت بخشے گا۔ وزیر موصوف نے سلالہ کلام جاری رکھتے ہوئے داخلی نقل و حمل کے لحاظ سے ہندوستان کے دنیا کی تیسری سب سے بڑی ایوی ایشن مارکیٹ اور بین الاقوامی اور داخلی نقل و حمل کے مشترکہ لحاظ سے دنیا میں ساتویں سب سے بڑی مارکیٹ کے طور پر ابھرنے پر بھی اظہار خیال کیا۔
ریاست راجستھان میں بڑھتے ہوئے ہوائی سفر کے بنیادی ڈھانچے کے بارے میں جناب سندھیا نے کہا کہ جودھ پور میں ہوائی سفر کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے جلد ہی ایک نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کیا جائے گا۔ 20,000 مربع میٹر کے رقبے میں 500 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والی اس ہوائی اڈے میں ایک ہزار مسافروں سے نمٹنے کی صلاحیت ہوگی اور سیاحت اور مقامی معیشت کو اس سے زبردست فروغ ملے گا۔
وزیر موصوف نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں 2014 سے راجستھان کے شہری ہوا بازی کے منظر نامے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کشن گڑھ، بیکانیر اور جیسلمیر میں نئے ہوائی اڈے قائم کیے گئے ہیں اور کوٹا کے لیے بھی ایک نئے ہوائی اڈے کیمنصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ بنیادی ڈھانچے کے علاوہ ہوائی جہازوں کی نقل و حرکت کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 2014 میںیہ تعداد جہاں 555 تھی اب فی ہفتہ 1530 طیاروں کی نقل و حرکت کے ساتھ تقریباً تین گنا بڑھ چکی ہے۔
وزیر مملکت ریٹائر جنرل ڈاکٹر وجے کمار سنگھ نے ذمہ داران کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ رابطہ سیاحوں کے لیے سفر میں آسانی پیدا کرے گا اور خطے میں تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے میں بڑا کردار ادا کرے گا۔
اس موقع کو حکومت ہند کے جل شکتی کے وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت اور حکومت ہند کے پارلیمانی امور اور ثقافت کے وزیر مملکت جناب ارجن رام میگھوال نے اپنی موجودگی سے نوازا۔ شہری ہوابازی کی وزارت کے سکریٹری جناب راجیو بنسل، شہری ہوابازی کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب اسنگبا چوبا آو، انڈیگو کے پرنسپل مشیر جناب آر کے سنگھ اور شہری ہوابازی کی وزارت، حکومتِ راجستھان اور انڈیگو کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔