نئی دہلی، حکومت تمام شہری علاقوں میں خاص طور پر غریبوں کو اچھی رہائش گاہیں فراہم کرنے کی پابند ہے اور اس نے اس سلسلے میں متعدد اقدامت کئے ہیں۔ یہ بات مکانات اور شہری امور کے وزیر جناب ہردیپ سنگھ پوری نے بتائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران شروع کئے گئے نئے شہری آزمائشی مشن شہری رہائشی ماڈل کا ایک مربوط حصہ ہیں۔
جناب پوری نے یہ اظہار خیال ’ورلڈ ہبیٹیٹ ڈے‘ کے موقع پر نئی دہلی میں مکانات اور شہری امور کی وزارت کی طرف سے منعقدہ ایک پروگرام میں کیا۔ پروگرام کا موضوع تھا ’مکانوں سے متعلق پالیسیاں : کفایتی مکانات‘۔
وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت نے جو نئے شہری مشن شروع کئے ہیں، مثلاً پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) وہ غریبوں اور ضرورت مندوں کو سستے مکانات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا ایک اہم حصہ ہیں۔ جبکہ دوسرے مشنوں مثلاً سووچھ بھارت مشن (شہری) اور شہروں کی کایا پلٹ اور ان میں نئی پھوکنے کے اٹل مشن (اے ایم آر یو ٹی) کا مقصد اچھی رہائش کے لئے درکار بنیادی ڈھانچے فراہم کرنا ہے۔
پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) کے تحت وزارت نے اب تک اقتصادی طور پر کمزور طبقوں، کم اور درمیانہ آمدنی والےگروپوں کے لئے 2857321 سستے مکانوں کی تعمیر کی منظوری دی ہے، جس کی لاگت 154180 کروڑ روپے ہے۔ ان مکانوں کے لئے 44278 کروڑ روپے کی مرکزی امداد کی منظوری مل چکی ہے۔
جناب پوری نے بتایا کہ حکومت نے ہاؤسنگ شعبے، خاص طور پر ضرورت مند لوگوں کی مکانوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے اور انہیں سستے مکانات فراہم کرنے کی غرض سے ہاوسنگ کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمین جائیداد کے شعبے کو مختلف وجوہات سے کچھ مسائل درپیش ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ شعبہ پھر سے ترقی کے میدان میں آئے گا۔ جناب پوری نے کہا کہ حکومت نے ایک طویل عرصے کے بعد اس شعبے کو خود اس کے مفاد کے تحت ایک باضابطہ فریم ورک کے تحت منظم کیا ہے۔
جناب پوری نے 2030 تک پائیدار ترقیاتی مقاصد کے حصول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی کارکردگی عالمی پیمانے پر ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے بہت اہم ہوگی۔اس طرف توجہ دلاتےہوئے کہ 17 میں سے 15 ایس ڈی جی شہری مقامی اداروں کے تحت آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت شہری حکومتوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے کوشش کررہی ہے۔