نئی دہلی، نئی اور قابل تجدید توانائی کے مرکزی وزیر مملکت(آزادانہ چارج) جناب راج کمار سنگھ نے آج راجیہ سبھا میں پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں اطلاع دی کہ نئی اور قابل تجدید توانائی کی وزارت کے پاس مندوبین یہ شکایت لے کر آئے تھے کہ بیرون ملک سے درآمد شدہ شمسی پینلوں اور متعلقہ آلات کوکچھ بندرگاہوں میں کسٹمز درجہ بندی کے سبب روک کر رکھا جاتا ہے۔ان درآمد شدہ شمسی پینلوں اور متعلقہ آلات پر لگنے والی کسٹم ڈیوٹی کی بنیادی شرحوں کے بارے میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔
کسٹمزحکام کے ذریعے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق حکومت نے کسٹمز ایکٹ کی دفعہ 49 کے تحت مال برداری کے طریقوں میں ترمیم کی ہے، تاکہ سامان کو روک کر رکھنے کے عمل سے بچا جاسکے۔ اسی طرح کسٹمز ایکٹ دفعہ 110(اے) کے تحت شمسی پینلوں کی عارضی ریلیز کی بھی اجازت دی گئی ہے۔