نئی دہلی، سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے (ڈی ایس ٹی) نے دوردرشن (ڈی ڈی) پرسار بھارتی کے ساتھ مل کر آج 2سائنس مواصلات اسکیموں کی شروعات کی، جن کا نام ہے، ڈی ڈی سائنس اور انڈیا سائنس۔ ڈی ڈی سائنس دوردرشن کے نیشنل چینل پر ایک گھنٹے کا پروگرام ہوگا، جو پیر سے سنیچر تک شام 5 بجے سے 6بجے تک پیش کیا جائے گا، جبکہ انڈیا سائنس انٹرنیٹ پر مبنی ایک چینل ہے، جو انٹر نیٹ سے چلنے والی کسی بھی ڈوائس پر دستیاب ہوگا اور اسے مانگ کرنے تک براہ راست ، شیڈیولڈ پلے اور ویڈیو کے ذریعے دیکھاجا سکتا ہے۔
دونوں اسکیموں کا افتتاح کرتے ہوئے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف سائنس اور ٹیکنالوجی مواصلات کے لئے ، بلکہ معاشرے میں سائنسی مزاج کو فروغ دینے کے لئے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ 1990 کی دہائی میں پلس پولیو مہم میں عوامی نشریاتی ادارے دوردرشن کی طرف سے ادا کئے گئے کردار کی یاد دلاتے ہوئے ڈاکٹر وردھن نے کہا کہ دوردرشن، جو ہندوستان کی آبادی کے 92فیصد تک رسائی رکھتا ہے، سائنس کو مقبول عام بنانے میں ایک بہت ہی پُراثر ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیر موصوف نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں ملک ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے چلنے والا ایک سائنس چینل دیکھے گا۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ‘‘2030تک ہمیں سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تین اعلیٰ ترین ملکوں میں شامل ہونا ہے اور اس طرح کی اسکیموں سے اس سمت میں چلنے کی راہ ہموار ہوگی’’۔
افتتاحی پروگرام اور وِگیان پرسار نیز دوردرشن کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط کرنے کی تقریب میں ڈی ایس ٹی کے سکریٹری پروفیسر آشوتوش شرما، اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سکریٹری جناب امت کھرے ، دوردرشن کی ڈائرکٹر جنرل محترمہ سپریا ساہو، پرساربھارتی کے سی ای او جناب ششی شیکھرویمپتی، وگیان پرسار کے ڈائرکٹر ڈاکٹر نکل پراشر اور سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت نیز اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سینئر اہلکار موجود تھے۔
سائنسی مواصلات کے دونوں پلیٹ فارم قومی سطح کی اسکیمیں ہیں، جن کا مقصد سائنس کے تئیں دلچسپی پیدا کرنا ہے اور اسے روز مرہ کی زندگی کے قریب لانا ہے۔ ڈی ایس ٹی اور ڈی ڈی میں ان دونوں اسکیموں کو انسانیت کی خدمت اور سائنس کو بڑھاوا دینے کے لئے ملک کے لئے بے حد اہم بنانا ہے۔ان چینلوں کا تصور اور ان کی حمایت ڈی ایس ٹی نے کی ہے اور اس پر عمل درآمد اور اس کا انتظام وگیان پرسار کے ہاتھ میں ہے، جو ڈی ایس ٹی کی ایک خودمختار تنظیم ہے۔ یہ دونوں سائنس چینل، جو ہندوستان میں سائنسی مواصلات کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھیں گے، ملک کےلئے ایک قومی سائنسی چینل قائم کرنے کی راہ میں پہلے قدم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انڈیا سائنس (www.indiascience.in) پہلے ہی ہفتے میں ساتوں دن 24 گھنٹے کام کرنے والا ایک چینل ہے، ڈی ڈی سائنس کو بھی مستقبل میں ایک مکمل چینل کا درجہ دے دیا جائے گا۔
ان دونوں چینلوں پر سائنس پر مبنی دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی، اسٹوڈیومیں بیٹھ کر مختلف لوگوں کے مابین تبادلۂ خیال ہوگا اور سائنسی اداروں کے حالات سے واقفیت حاصل کی جا سکے گی۔ انٹرویو ہوں گے اور مختصر فلمیں دکھائی جائیں گی، جن تک بالکل مفت رسائی حاصل کی جا سکے گی۔