نئی دہلی، حکومت نے آج کام کی جگہوں پر خواتین کو جنسی طورپر ہراساں کرنے کے معاملات سے نمٹنے کے لئے موجودہ قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک کی جانچ کے لئے وزراء کے گروپ( جی او ایم) کی تشکیل کی ہے۔وزراء کا یہ گروپ موجودہ التزامات کے مؤثر نفاذ کے لئے مطلوب کارروائی کی سفارش کرے گا اور اسی کے ساتھ کام کی جگہوں پر جنسی طورپر ہراساں کرنے کے معاملات سے نمٹنے کے لئے موجودہ قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک کو بھی مضبوط کرے گا۔
مناسب سفارشات کرنے اور جامع ایکشن پلان وضع کرنے اور وقت پر اس کے نفاذ کو یقینی بنانے کے نقطہ نظر سے وزراء کا یہ گروپ اس مسئلے پر وسیع تر صلاح و مشورے کے لئے محسوس کی جانے والی ضرورت کے مدنظر تشکیل دیا گیا ہے۔ وزراء کے اس گروپ کی قیادت مرکزی وزیر داخلہ جناب راجناتھ سنگھ کریں گے۔اس کے ارکان ہیں:
جناب نتن گڈکری، سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں، آبی وسائل، دریائی ترقیات، گنگا احیا اورجہاز رانی کے وزیر۔
محترمہ نرملا سیتا رمن، وزیر دفاع۔
محترمہ مینکا سنجے گاندھی، خواتین اور بہبود اطفال کی وزیر۔
حکومت ورک فورس میں خواتین کے تحفظ اور ان کے وقار کو یقینی بنانے کے تئیں پابند عہد ہے۔کام کی جگہوں پر خواتین کو جنسی طورپر ہراساں کرنے (روک تھام، ممانعت اور ازالہ) کاایکٹ کام کی جگہوں پر خواتین کو تحفظ فراہم کرنے اور جنسی طورپر انہیں ہراساں کرنے کے معاملات کی روک تھام کرنےاور جنسی طور پر ہراساں کرنےکی شکایات کے مؤثر ازالے کو یقینی بنانے کے لئے ایک کلیدی ایکٹ ہے۔
خواتین اور بہبود اطفال کی وزارت نے اس سلسلے میں ایک الیکٹرونک کمپلینٹس باکس بھی شروع کیا ہے، جہاں خواتین اپنے ورک اسٹیٹس سے قطع نظر کام کی جگہوں پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے خلاف اپنی آواز اٹھا سکتی ہیں۔ایک بار جب شکایت ‘شی باکس’ کو سونپ دی جائےتو اس شکایت کو براہ راست طورپر ایسی متعلقہ اتھارٹی کو بھیجا جاتا ہے، جسے اس معاملے میں کارروائی کرنے کا اختیار حاصل ہوتاہے۔شکایتوں پر کی گئی کارروائی پر مستقل طورپر نظر رکھنے کے لئے ایک میکانزم کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
وزراء کا یہ گروپ اپنے قیام کے تین مہینوں کے اندر درج بالا معاملات سمیت خواتین کے تحفظ سے متعلق موجودہ التزامات کی جانچ کرے گا اور ان التزامات کو مضبوط کرنے اور انہیں مزید مؤثر بنانے کے لئے مطلوب مزید اقدامات کی سفارش کرے گا۔