نئی دلّی: حکومت ہند نے گورو نانک دیو جی کا 550 واں یوم پیدایش بین الاقوامی سطح پر عظیم الشان پیمانے پر نومبر ، 2018 سے منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سال بھر چلنے والی تقریبات رواں سال 23 نومبر سے شروع ہوں گی اور یادگاری تقریبات کے وران متعدد تعمیری سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی ۔
کیرتن ، کتھا ، پربھات پھیری ، لنگر اور تعلیمی سرگرمیاں مثلاً سیمنار ، ورک شاپ وغیرہ جیسے متعدد مذہبی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی ۔ شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی ( ایس جی پی سی) امرتسر ، حکومت ہند کی نالج پارٹنر ہو گی ۔ یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ بھی جاری کئے جائیں گے ۔
برطانیہ عظمیٰ اور کناڈا میں گورو نانک دیو جی کے نام پر ایک چیئر قائم کی جائے گی ۔ ایک بین الاقوامی سیمینار بھی منعقد کیا جائے گا ۔ پنجاب میں ایک نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انٹر فیتھ اسٹڈیز کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔
گورو نانک دیو جی پر منعقد پروگراموں کو دور درشن ، راجیہ سبھا اور لوک سبھا ٹی وی براہ راست پیش کریں گے ۔ مختلف ہندوستانی اور عالمی زبانوں میں گور بانی شائع کی جائے گی ۔ سلطان پور لودی کو ’’ پنڈ بابے نانک دا ‘‘ کے طور پر ایک ورثہ جاتی شہر کے طور پر شکل دی جائے گی ۔ کرتار پور صاحب ، پاکستان کی نظری زیارت کے لئے بھارتی سر زمین پر ایک اعلیٰ طاقت والی دور بین نصب کی جائے گی ۔
سلطان پور لودی ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کیا جائے گا ۔ ایک ریل گاڑی چلا ئی جائے گی جو گورو نانک دیو سے متعلق مقامات سے ہو کر گزرے گی ۔