17.8 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

خاندان کا نظام نوجوان نسل کو ذہنی افسردگی سے بچانے کے لئے بہترین دوا ہے: نائب صدر جمہوریہ ہند

Urdu News

نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ خاندان کا نظام نوجوان نسل کو ذہنی افسرگی سے بچانے کے لئے بہترین دوا ہے۔نائب صدر جمہوریہ آج چنئی میں ایتھی راج کالج فار وومن کی پلیٹینم جوبلی تقریبات میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ماہی پروری، عملے اور انتظامی اصلاحات کے تامل ناڈو کے ریاستی وزیر  جناب ڈی جے کمار اور دیگر معزز شخصیات  موجود تھیں۔

نائب صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ مردوں کی بالا دستی، بنیاد پرستی، انتہاپسندی اور مذہبی کٹرپن کو شکست دینے کے لئے خواتین کی تعلیم سے بہتر کوئی علاج نہیں ہے۔  انہوں نے لڑکیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ معاشرے کو بااختیار بایا جاسکے۔ انہوں نے  مزید کہا کہ اگر ہندوستان کو ایسا ملک بننا ہے جو آئینی اقدار کے مطابق زندگی گزارتا ہے، تو اسے اپنی ترقیاتی کوششوں کے مرکز میں لڑکیوں کی تعلیم کو رکھنا ہوگا۔

خواتین کے خلاف امتیاز اور صنفی نابرابری کے پریشان کن واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ  نے ایسی سماجی برائیوں اور طاغوتی طاقتوں کے خلاف سخت کارروائی کے لئے زور دیا۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ خواتین کی ترقی، قومی ترقی کے لئے کلید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اپنے ملک کے ترقیاتی سفر میں خواتین کو شامل کرنے کے لئے بڑے اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے قومی ترقی میں خواتین کے تعاون کو کافی سراہا اور کہا کہ ہندوستانی خواتین نے متعدد شعبوں میں بہترین کارکردگی اور مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔ خواہ سیاست، صنعت، کھیل کود کا شعبہ ہو یا  ٹیکنالوجی، خدمات یا اسکالر شپ کا شعبہ ہو، انہوں نے ثابت کردیا ہے کہ اگر انہیں موقع ملے  گاتو وہ نہایت بلندیوں پر پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم  نہ صرف اقتصادی مواقع کے لئے بابِ داخلہ کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ یہ سماجی ترقی کے متعدد پہلوؤں پر بھی مثبت طور سے اثر انداز ہوتی ہے۔

نوجوان نسل کے درمیان ذہنی افسردگی اور مایوسی کے بڑھتے  ہوئے واقعات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ نوجوان نسل  نہایت تیزی کے ساتھ آس پڑوس کے لوگوں سے  الگ تھلگ ہوتی جارہی ہے اور تجربے سے بھرپور مشورے کی عدم موجودگی انہیں سخت ذہنی افسردگی اور مایوسی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے زور دیکر کہا کہ وہ اپنے خاندان کے بڑے بزرگوں سے باقاعدگی کے ساتھ بات چیت کرتے رہیں۔ گھر پر بزرگوں سے بات چیت نہ کرنے کی وجہ سے وہ مناسب امداد، رہنمائی اور حمایت سے محروم ہوتے جارہے ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ انٹرنیٹ کا زیادہ استعمال اور گیجٹس، نوجوان نسل کے جسم اور اوقات پر منفی اثرات ڈال رہے ہیں۔ ان کی نیندیں اڑ گئی ہیں اور وہ ضروری نیند سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے طلبا اور نوجوانوں سے کہا کہ وہ  اپنی زندگی میں سخت نظام الاوقات کی پابندی کریں اور جسمانی ورزش کے لئے بھی کچھ  اوقات مخصوص کریں۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایتھی راج کالج فار وومن نے 1948 میں محض 96 لڑکیوں کے ساتھ اپنی معمولی شروعات کی تھی لیکن آج یہ کالج تقریباً 8000 طالبات کے ساتھ چنئی کا سب سے بڑا خواتین کا کالج بن گیا ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ اس کالج نے تفریح ،سائنس، ٹکنالوجی اور دیگر شعبوں میں  متعدد روشن ستارے پیدا کئے ہیں۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More