نئی دہلی، نامیاتی سیکٹر میں ہندوستان کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کسانوں اور خواتین صنعت کاروں کو فروغ دینے اور ان کاجشن منانے کے لئے خواتین و بچوں کی ترقی کی وزارت کل سے چنڈی گڑھ کے لیزر ویلی ، سیکٹر 10 میں تین روزہ چھٹا ‘‘ویمن آف انڈیا آرگینک فیسٹول’’یعنی ہندوستانی خواتین نامیاتی میلہ منعقد کررہی ہے۔
ویمن آف انڈیا آرگینک فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں مرکز کے زیر انتظام علاقہ چنڈی گڑھ کی انتظامیہ میں خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمے کے سیکریٹری جناب بی ایل شرما مہمان خصوصی ہوں گے، جبکہ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت ، حکومت ہند کی جوائنٹ سیکریٹری محترمہ انورادھا چگتی مہمان اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوں گی۔
14جنوری 2019ء کوصبح میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ مینکا سنجے گاندھی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک کوآپریشن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ(این آئی پی سی سی ڈی)کے موہالی علاقائی مرکز کا افتتاح کریں گی۔بعد ازاں محترمہ مینکا سنجے گاندھی سہہ پہر میں لیزر ویلی سیکٹر10، چنڈی گڑھ میں چھٹے ویمن آف انڈیا آرگینک فیسٹول میں واقع متعدد اسٹالوں اور فوڈ کورٹ کا بھی دورہ کریں گی۔
خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی محترمہ مینکا سنجے گاندھی نے کہا کہ ‘‘اس فیسٹول کا مقصد ہندوستانی خواتین صنعت کاروں اور کسانوں کو مزید گراہکوں کے ساتھ جوڑنے کو فروغ دینا ہے۔اس طرح سے ہندوستان میں نامیاتی کلچر کو فروغ دیتے ہوئے مالی شمولیت کے عمل کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔اس فیسٹول کے ذریعے خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کا یہ بھی مقصد ہے کہ لوگوں کو خواتین اور بچوں سے متعلق وزارت کے متعدد اقدامات اور اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی جاسکے۔’’
اس فیسٹول میں شرکت کرنے کے لئے 200 سے زائد خواتین لیزر ویلی میں ایک ساتھ جمع ہورہی ہیں۔ یہ فیسٹول نامیاتی سرگرمیوں کا اصل مرکز ہوگا۔اس فیسٹول میں کپڑے، صحت مندی، غذائی اجناس، بیجوں، زیورات، بیکری مصنوعات سمیت ایک ہزار سے زائد متنوع نامیاتی پروڈکٹس کی نمائش کی جائے گی۔ اس فیسٹول میں آنے والے سیاحوں کو فوڈ کورٹ کا دورہ کرنے کا بھی موقع ملے گا، جس میں ان کے لئے نہایت لذیذ قسم کے متعدد پکوان پیش کئے جائیں گے۔اس فیسٹول کے اوقات صبح 10:30 بجے سے لےکر رات 10 بجے تک رہیں گے۔
ویمن آف انڈیا آرگینک فیسٹول کا انعقاد سال 2015ء سے ہر سال نئی دہلی میں کیا جاتا رہا ہے۔چنڈی گڑھ میں پہلی مرتبہ اس سال اس فیسٹول کا انعقاد کیا جارہا ہے۔اس فیسٹول کے انعقاد سے ہربھرے لیزر ویلی میں ایک خوشنما ماحول دیکھنے کو ملے گا ، جہاں کافی باغات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین کسانوں اور صنعت کاروں کے متعدد پروڈکٹس کو یہاں دیکھنے کا موقع فراہم ہوگا۔ گزرتے ہر ایک برس کے ساتھ آرگینک فیسٹول میں لوگوں کی آمد اور مصنوعات کی خریدوفروخت میں کافی اضافہ ہوتا جارہاہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ملک کے اندر نامیاتی مصنوعات میں لوگوں کی دلچسپی بڑھتی جارہی ہے۔