نئی دہلی؍ دفاعی تحقیق و ترقی کے ادارے ڈی آر ڈی او نے آج اس وقت ایک اور زبردست کامیابی حاصل کی جب اس نے لمبی دوری کے سب سونک کروز میزائل نربھے کی کامیاب آزمائش کی، جسے ہندوستان میں ہی تیار کیا گیا ہے اور یہ ملک کی دیسی تکنیک سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔اسے کثیر مقصدی پلیٹ فارم سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔نربھے میزائل کو اڈیشہ کے چاندی پور میں واقع مربوط تجربہ گاہ سے کامیابی کے ساتھ چھوڑا گیا ۔یہ میزائل 0.7 میچ تک کے طوللبلد اور 100 میٹر تک کی کم بلندی تک اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ متعلقہ کام انجام دے سکتا ہے۔کروز میزائل کے اس مشن نے روانگی سے لے کر آخری مرحلے تک پہنچنے کے اپنے تمام مقاصد پورے کرلئے ، جس سے اس آزمائش سے وابستہ تمام سائنسدانوں کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔
وزیر دفاع محترمہ نرملا سیتا رمن نے نربھے کی کامیاب آزمائش کے لئے ڈی آر ڈی او کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے اور اس اہم کامیابی کے لئے انہیں ان کی ستائش کی ہے۔ محترمہ سیتا رمن نے امید ظاہر کی ہے کہ اس کامیاب آزمائش سے ہندوستان پیچیدہ ٹیکنالوجی اور سب سونک کروز میزائل کی صلاحیت رکھنے والے ملکوں کے مخصوص کلب میں شامل ہو جائے گا۔
ڈی آر ڈی او کے چیئر مین دفاع کے محکمے کی سیکریٹری ڈاکٹر ایس کرسٹوفر ، ایرو کے ڈی جی ڈاکٹر سی پی راما نارائنن اور ڈی آر ڈی او کے دیگر سائنسدانوں کے علاوہ فوج کے نمائندوں نے نربھے کی آزمائش کا نظارہ کیا اور انہوں نے ٹیم کو مبارکباد دی۔