نئی دلّی میں 22 سے 24 اپریل ، 2018 ء تک منعقد ہو رہی پہلی بین الاقوامی ایس ایم ای کانفرنس میں 37 ممالک کے مندوبین شرکت کررہے ہیں ۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے کچھ ممالک میں آسٹریلیا ، آسٹریا ، فرانس ، انڈو نیشیا ، اٹلی ، کینیا ، کوریا ، ملیشیا ، مراقش ، نائیجیریا ، فلپائن ، پولینڈ ، روس ، اسپین ، سری لنکا ، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) شامل ہیں ۔ ان ملکوں سے تعلق رکھنے والے مندوبین ، زراعت ، حفظانِ صحت ، اہم دفاعی تربیت ، تعلیم ، حکمت عملی ، ڈجیٹل تفریح اور فضلات کے بندوبست کے شعبے سے تعلق رکھنے والی چھوٹی صنعتوں کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ کانفرنس میں ہندوستان کے 400 سے زائد صنعتی ادارے میں میزبانی کر رہے ہیں ۔
دو روزہ کانفرنس کے دوران کھادی فیشن کی نمائش ہو گی ، جسے ‘‘ ٹراسینڈنگ باؤنڈریز ’’ کہا جاتا ہے ۔ اس نمائش کا اہتمام ، فیشن ڈیزائن کاؤنسل آف انڈیا کے سنیل سیٹھی کر رہے ہیں ، جس میں روہت بل ، انجو مودی ، پائل جین اور پونم بھگت کے کھادی کے ڈیزائن قابل ذکر ہیں ۔ اس کانفرنس میں خاتون صنعت کاروں کے لئے ایک خصوصی اجلاس ہو گا ، جس میں کامیاب خاتون کاروباری ، خاتون صنعت کاروں کے لئے پائیدار ذریعۂ معاش کی تشکیل پر تبادلۂ خیال کریں گی ۔
بہت چھوٹی ، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت ( ایم ایس ایم ای ) کا شعبہ ہندوستانی معیشت میں انتہائی فعال شعبے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے اور اس نے فضلات کے بندوبست ، ہیرے جواہرات و زیورات ، زراعت اور خوراک کی ڈبہ بندی نیز آٹو موٹیوس انڈسٹری جیسے مختلف شعبوں میں کاروبار کرنے کے لئے پوری دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے ۔ اجلاس کے دوران ہندوستان اور بیرون ملک سے تقریباً 150 نمائش کاروں نے اپنے اسٹال لگائے ہیں ، جس میں وہ اپنے کاروبار اور اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں ۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں وزیر ایم ایس ایم ای کے ذریعے ہندوستان کے 35 ‘‘ اِسمال جینٹس ’’ کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ اس موقع پر جن کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ، وہ لوجسٹکس ، بایو ٹیکنا لوجی ، فارما سیو ٹیکل ، سیمی کنڈکٹرس ، ٹیکسٹائل ، جواہرات اور زیورات ، سکیورٹی اور کیمیکلس کے شعبے میں مصروف ہیں ۔
بہت چھوٹی ، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں ( ایم ایس ایم ای ) کے وزیر جناب گری راج سنگھ نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس تمام شعبوں کے درمیان ایک پل کی طرح کام کرے گی اوراس ملک کے نو جوانوں کے لئے روز گار کے مواقع پیدا کرکے اپنی آبادی کا فائدہ اٹھانے میں مدد کرے گی ۔
پولینڈ کے وفد میں سوسنووی کے میئر جناب ارکا ڈوئس چیسنسکی کی قیادت میں سب سے زیادہ تعداد میں شرکاء نے شرکت کی ۔ سوسنووی جنوبی پولینڈ کا ایک صنعتی شہر ہے ۔ اس موقع پر چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی عالمی یونین ( ڈبلیو یو ایس ایم ای ) کے صدر گین فرینکو ترینزی ، بہت چھوٹی ، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت کے سکریٹری ، ہندوستان کی ایس ایم ای فورم کے چیئرمین پرہلاد ککڑ ، کھادی اور گرام ادیوگ کمیشن کے چیئرمین اور کوائر بورڈ آف انڈیا کے چیئرمین ڈاکٹر ارون کمار پانڈا بھی موجود تھے ۔