نئی دہلی، رکشا منتری(وزیر دفاع)محترمہ نرملا سیتا رمن نے جرمنی کا اپنا دو روزہ باہمی سرکاری دورہ مکمل کرلیا ہے۔ وہ جرمنی کے وزیر دفاع ڈاکٹر اُرسولا وون ڈر لیئن کی دعوت پر جرمنی گئی تھیں۔
اپنے دو روزہ دورہ کے دوران دونوں وزراء نے دفاع کے شعبے میں باہمی تعاون کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا، جو ہندوستان اور جرمنی کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کے اہم پہلو کے طورپر ابھر رہا ہے۔ انہوں نےتیزی سے بڑھتے ہوئے باہمی دفاعی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں وزراء نے بڑھتے ہوئے دفاعی اور دفاعی صنعتی تعاون پر ایک سمجھوتے پر دستخط کئے، جو فوج سے فوج کے درمیان رشتوں کے ساتھ ساتھ دفاعی صنعت اور تحقیقی و ترقی کے رابطوں کو مزید مستحکم کرے گا۔ انہوں نے علاقائی اور آپسی مفاد کے بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
رکشا منتری نے بدنظمی سے دو چار دنیا میں ہندوستان کی دفاعی وابستگی، اصولوں، ترجیحات اور شراکت داری کے بارے میں جرمن تھنک ٹینک ڈی جی اے پی (غیر ملکی تعلقات سے متعلق جرمن کونسل)پرایک مخصوص آڈیئنس سے خطاب کیا۔ رکشا منتری نے ایک محفوظ، مستحکم اور پُر امن ماحول کی سمت تعاون دینے اور سب کے لئے زیادہ خوشحالی کے مقصد سے ہندوستان کی دفاعی ترجیحات اور وابستگیوں کو اجاگر کیا۔رکشا منتری نے مشترکہ قدروں اور مشترکہ مفادات کے ساتھ ہم خیال آزاد جمہوریتوں کے لئے ا س بات کی ضرورت پر زور دیا کہ وہ ضابطوں اور اصولوں پر مبنی عالمی نظام کو مستحکم کرنے کے لئے مل کر کام کریں اور اہم امور پر ایک مشترکہ نظریات قائم کریں۔
اپنے دورے کے دوران رکشا منتری نے جرمن اور ہندوستانی دفاعی سی ای اوز کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ وزیر موصوف نے ان سے اپیل کی کہ وہ میک اِن انڈیا پہل کے تحت ہندوستان میں دفاعی سازوں سامان تیار کرنے میں اپنے اشتراک کووسعت دیں۔ ساتھ ہی ساتھ دفاعی ٹیکنالوجی کو فروغ دیں اور ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ تحقیق و ترقی میں تعاون کو فروغ دیں۔