نئی دہلی، نو سینا میڈل سے سرفراز ریئر ایڈمرل مُکل استھانا کو نئی دہلی میں اسسٹنٹ چیف آف نول اسٹاف (ایئر)مقرر کیا گیا ہے۔انہیں بھارتی بحریہ کے ایکزیکیٹو برانچ میں 1986ء میں کمیشن دیا گیا تھا۔نول اکیڈمی کے گریجویٹ مکل استھانا نے 141 پائلٹ کورس میں شرکت کی اور جون 1988ء میں ایئر فورس اکیڈمی میں انہیں پرواز کی اجازت دی گئی۔ ایک تجربہ کار پائلٹ کی حیثیت سے انہوں نے 4 قسم کے ایئرکرافٹ اڑائے اور انڈین نول ایئر اسکوائڈرن 551, 550 اور 310 میں آپریشنل اور سپروائزری کی ذمہ داریاں نبھائیں۔انہوں نے 2000ء میں ویلنگٹن کے ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس میں شرکت کی اور 2009ء میں ممبئی میں واقع نول وار کالج میں ہائر کمانڈ کورس میں بھی حصہ لیا۔
انہوں نے اگست 2009ء سے دسمبر2010ء تک باوقار نول ایئر اسٹیشن آئی این ایس رجالی کی کمان سنبھالی۔ اس مدت کے دوران انہوں نے طویل فاصلاتی بحری جاسوسی اے ایس ڈبلیوایئرکرافٹ بوئنگ پی-81کو بحریہ میں شامل کئے جانے سے متعلق منصوبے کی تیاری اور اس کے نفاذ کی نگرانی کی۔اس دوران بحریہ کے ہیلی کاپٹر ٹریننگ اسکول سے ریکارڈ تعداد میں نوجوان پائلٹوں نے گریجویشن کیا۔ انہوں نے وشاکھاپٹنم میں واقع مشرقی بحری کمان کے صدر دفتر میں کمانڈ ایوی ایشن آفیسر، گوا میں واقع نول ایوی ایشن ہیڈکوارٹرز میں چیف اسٹاف آفیسر(ایئر)اور نئی دہلی میں نول ہیڈکوارٹرز میں پرنسپل ڈائریکٹر نول ایئر اسٹاف کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔اپنی ان ذمہ داریوں کے دوران انہوں نے نول ایوی ایشن کے آپریشنل ، تربیتی اور جدید کاری سے متعلق معاملات کو آگے بڑھانے کے لئے متعدد معاملات اور پالیسیوں پر تیزی کے ساتھ کام کیا۔
سمندر میں اپنی آپریشنل سرگرمیوں کے دوران انہوں نے آپریشن وجے کے دوران میزائل کارویٹ آئی این ایس ناشک اوراپنے دو عالمی سمندری سفر کے دوران سیل ٹریننگ شپ آئی این ایس ترنگینی کی کمان سنبھالی۔بعد میں انہوں نے 21 مائن کاؤنٹر میزر اسکوائڈرن اور گائیڈیڈ میزائل شکن آئی این ایس رانا کی کمان سنبھالی۔فوجی امور اور بحریہ کی تاریخ میں گہری دلچسپی رکھنے والے مکل استھانا نے مدراس یونیورسٹی سے ڈیفنس اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ۔ انہوں نے ممبئی یونیورسٹی سے اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں ماسٹر آف فلاسفی کی ڈگری لی۔ انہوں نے 2012ء میں بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں واقع نیشنل ڈیفنس کالج سے نیشنل سیکورٹی اسٹریٹیجک کورس بھی کیا۔
جنوری2016ء میں فلیگ رینک پر ترقی پانے والے ریئر ایڈمرل مکل استھانا نے نئی دہلی میں ورشا پروجیکٹ کے ڈائریکٹر جنرل کی ذمہ داری بھی سنبھالی، جہاں وہ بھارتی بحریہ کے لئے مستقبل میں کام آنے والے بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے کام میں شامل رہے۔انہیں باوقار نوسینا میڈل سے سرفراز کیا جاچکا ہے۔ انہیں نول اسٹاف کے سربراہ اور مشرقی نول کمانڈ کے فلیگ آفیسر کے کمانڈنگ ان چیف کی طرف سے سپاسنامہ بھی حاصل ہوا ہے۔انہیں 2006ء میں صدر جمہوریہ نے ٹینزنگ نورگے نیشنل ایوارڈ بھی عطا کیا تھا۔