ریلویز اور تجارت وصنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے آج 04 اکتوبر 2020 کو مشرقی- مغربی میٹرو کے پھول بگان میٹرو اسٹیشن کاافتتاح کیا۔جناب پیوش گوئل نے ویڈیو لنک کے ذریعےنئے افتتاح کردہ پھول بگان میٹرو اسٹیشن سے پہلی ٹرین کو بھی ہری جھنڈی دیکر روانہ کیا۔ اپنے خطاب میں کووڈ-19 وبا کے دوران پھول بگان اسٹیشن کے کام کو مکمل کرنے کیلئے اضافی اقدامات کرنے کیلئے تمام لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ سالٹ لیک اسٹیڈیم سے لیکر پھول بگان تک (1.665 کلو میٹرکی دوری ) تک میٹرو کی توسیع سے روز آنے جانے والے لوگوں کو اس کے سیالدہ اسٹیشن کے نزدیک ہونے کے سبب کافی مدد ملے گی۔ اسے دُرگا پوجا کا تحفہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کولکاتا میں میٹرو سب سے محفوظ، سب سے صاف ستھرا اور ٹرانسپورٹ کا سب سے تیز نظام ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ اگر اراضی دستیاب کرادی جائے اور ناجائز قبضوں کو ہٹا دیا جائے تو کسی بھی ریلوے پروجیکٹ کو نافذ کرنے کیلئے فنڈز کوئی روکاوٹ نہیں بنے گی۔
ماحولیات، جنگلات اور آب وہوا کی تبدیلی کے وزیر مملکت جناب بابل سپریو نے ریلویز اور تجارت وصنعت کے مرکزی وزیر کو اس جدیدترین اور خوبصورت پھول بگان میٹرو اسٹیشن کو اتنا جلدی تیار کرنے کیلئے کیے گئے اقدامات کے لئے مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں مشرقی – مغربی میٹرو کی اس توسیع کے سبب لوگوں کی آمدورفت سیالدہ اسٹیشن تک آسانی سے ہوسکے گی۔
خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر مملکت محترمہ دیباشری چودھری بھی اس پروگرام میں موجود تھیں۔انہوں نے پھول بگان اسٹیشن کی شروعات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
میٹرو ریلوے کے جنرل منیجر جناب منوج جوشی نے اپنے افتتاحی خطاب میں بتایا کہ کس طرح اس اسٹیشن کے کھلنے سے میٹرو مسافروں کو سالٹ لیک سیکٹر-5 میں آئی ٹی مراکز، بین الاقوامی بس ٹرمنل اور کرونامئی میں میلہ گراؤنڈ، سینٹرل پارک میں اہم سرکاری دفاتر اور مشہور ومعروف وویکانند یووا بھارتی کرارنگن(سالٹ لیک اسٹیڈیم) پہنچنے میں آسانی ہوگی۔
اس پروجیکٹ کی کُل لمبائی 16.5 کلو میٹر ہے اور اس پر کُل تخمینہ لاگت 8574.98 کروڑ روپئے آئی ہے۔ یہ ہگلی ندی کے مغربی کنارے پر ہاؤڑہ کو مشرقی کنارے پر سالٹ لیک سٹی سے جوڑے گا۔
سالٹ لیک اسٹیڈیم سے سالٹ لیک سیکٹر -5 تک مشرقی- مغربی میٹرو کے پہلے مرحلے کا افتتاح ریلویز اور تجارت وصنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے 13 فروری 2020 کو کیا تھا۔
پھول بگان اسٹیشن سے کمرشیل خدمات 05 اکتوبر 2020 (پیر) سے شروع ہوں گی۔ سالٹ لیک سیکٹر-5 سے پھول بگان کے لئے 30 منٹ کے وقفے پر صبح 8 بجے رات 07 بجکر 50 منٹ تک روزانہ 48 ٹرینیں چلیں گی۔ آخری ٹرین سالٹ لیک سیکٹر-5 اور پھول بگان اسٹیشن سے آخری ٹرین رات 7 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگی۔ اتوار کے روز کوئی بھی ٹرین نہیں چلے گی۔