نئی دہلی، ریلوے اور کامرس و صنعت کے وزیر جناب پیوش گوئل ، ریلوے کے وزیر مملکت سریش سی انگڑی ، ریلوے بورڈ کے چیئرمین جناب ونود کمار یادو اور ریلوے کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ زونل ریلوے / پیداواری یونٹوں کے جنرل مینجروں اور ڈویژنل ریلوے مینجروں کے ساتھ آج ریل بھون میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی ۔
جائزہ میٹنگ کے افتتاحی اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے ریلوے اور کامرس و صنعت کے وزیر جناب پیوش گوئل نے ریلوے بورڈ کے ذریعے مقرر کئے گئے اہداف کو حاصل کرنے کی خاطر ایک ٹیم کی طرح کام کرنے کے لئے زونل ریلوے کے عہدیداروں پر زور دیا ۔ انہوں نے اس بات کا بھی اشارہ کیا کہ سبھی کی سرگرم شرکت کے حصول کے لئے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اپنے اس خیال کا اظہار کیا کہ اجتماعی کوششیں ریلوے کے لئے اجتماعی ویژن مرتب کرنے میں مدد کریں گی ، ایک ایسا ویژن ، جس میں سبھی کی شمولیت والی اجتماعی خواہشات کو شامل کیا جائے ۔ انہوں نے سبھی عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ بھارتی ریلوے کو دنیا کی سب سے بہترین ریلوے میں تبدیل کرنے کے لئے مکمل یکجہتی کے ساتھ کام کریں ۔
ریلوے کے وزیر مملکت جناب سریش سی انگڑی نے ریلوے کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ بھارتی ریلوے کو دنیا کی بہترین ٹرانسپورٹ میں تبدیل کرنے کے لئے کام کریں ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بھارتی ریلوے کی رسائی غریب سے غریب تین افراد تک ہو اور وہ ریلوے کے ذریعے سفر کر سکے ۔ وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ ریلوے میں صفائی ستھرائی اور ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے ۔
میٹنگ کے ایجنڈے میں محفوظ کار کردگی ، پابندی ، صلاحیت کے فروغ اور بھارتی ریلوے میں جاری مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا فروغ شامل ہے ۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین نے رواں مالی سال میں اب تک کی زونل ریلوے کے ذریعے کی گئی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے جنرل مینجروں کو تحفظ سے متعلق پروجیکٹوں کی قریب سے نگرانی کے لئے ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے چوکیدار والے کراسنگ اور سڑکوں پر بنائے گئے پلوں کی تعمیر اور پلوں کے نیچے سڑکیں بنانے کے کام پر زور دیا ۔ انہوں نے اس موقع پر پہلے دو ماہ کے اندر چوکیدار والے لیول کراسنگ کو ختم کرکے نئے کرانسنگ بنانے میں پیش رفت پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ دو مہینوں کے دوران 229 ایم ایل سی کو ہٹایا گیا ہے ، جب کہ پچھلے سال کی ان کی تعداد 65 تھی ۔
جناب ونود کمار یادو نے جنرل مینجروں کو ہدایت دی کہ وہ وقت کی پابندی کو زیادہ بہتر بنائیں اور ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے کے معاملے میں وقت کے زیاں کو کم سے کم کریں ۔ انہوں نے زونل ریلوے پر زور دیا کہ وہ تحفظ اور بنیادی ڈھانچے کے کاموں کی تال میل کے ساتھ منصوبہ بندی کریں تاکہ یہ کام مخصوص تاریخ یا وقت پر ایک ساتھ پورے کئے جا سکیں اور ان کی وجہ سے ٹرینوں کی تاخیر کو کم سے کم کرکے اس کی پابندی پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کیاجا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اثاثوں کی بھروسہ بندی کو بہتر بنانے کے لئے کارروائی کی جانی چاہیئے ۔ انہوں نے بھارتی ریلوے کے پیداواری یونٹوں کے تمام جنرل مینجروں پر زوردیا کہ وہ مقررہ وقت رولنگ اسٹاک کی مانگ پوری کرنے کے لئے اپنی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لائیں ۔
بنیادی ڈھانچے کی تشکیل کے پروجیکٹوں کا جائزہ لیتےہوئے جناب یادو نے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بنیادی ڈھانچے کے جاری پروجیکٹوں کی وقت پر تکمیل کو یقینی بنائیں اور مقررہ مدت کے اندر اپنے اہداف پورے کریں ۔ انہوں نے پروجیکٹوں کے نفاذ سے پہلے اُن کی منصوبہ بندی پر زور دیا تاکہ پروجیکٹوں کو مقررہ نظام الاوقات کے تحت مکمل کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی لائن ڈالنے ، گیج کی تبدیلی ، پٹریوں کو دوہرا کرنے اور لائن کی برق کاری کے پروجیکٹوں میں تیزی لائی جائے ۔
جناب یادو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تحفظ ، وقت کی پابندی ، بنیادی ڈھانچے کی تشکیل اور جنرل کمپارٹمنٹ میں صفائی ستھرائی ، مسافروں کے لئے آرام ، بھارتی ریلوے کے ترجیحی شعبے بنے رہیں گے ۔ میٹنگ کے دوران ریلوے بورڈ کے چیئرمین تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹرینوں میں سفرکریں اورمسافروں سے بات چیت کریں تاکہ حقیقی رد عمل حاصل کیا جا سکے ۔