نئی دہلی، ریلوے پروٹیکشن فورس کے کانسٹبل جناب شیوا جی کو نقد ایک لاکھ روپے کے انعام کے ساتھ شجاعت کے لئے ریلوے کے وزیر کے میڈل سے نوازا جائے گا۔ یہ ایوارڈ ریلوے پروٹیکشن فورس کے اُس اہلکارکو دیا جاتا ہے ، جس نے غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کیا ہو یا فورس کے ایک ممبر کی حیثیت سے ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے بہادری یا حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا ہو۔
23اپریل 2018 کو جیسے ہی ٹرین چِنتا ڈِرِپڈ اسٹیشن سے روانہ ہوئی، ریلوے پروٹیکشن فورس کے کانسٹبل شیوا جی نے تقریباً 23.45 پر جنوبی ریلوے میں ویلا چیری اسٹیشن سے ٹرین کی نگرانی کے دوران قریب کے کوچ سے ایک خاتون مسافر کے چیخنے کی آوازسنی، ٹرین کے اگلے پارک ٹاؤن اسٹیشن پہنچنے پرحاضر دماغ کانسٹبل شیوا جی قریب کے کوچ میں سوار ہوا اور اس نے ایک شخص کو مسافر خاتون سے جنسی دست درازی کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا ، تبھی فوراً وہ اس شخص پر جھپٹ پڑااور خاتون مسافر کو بچا لیا۔ جنسی دست درازی کرنے والے شخص کو فوراً چنئی اِگمور کے گورنمنٹ ریلوے پولیس کے حوالے کر دیا گیا اور شیوا جی کی شکایت پر ایک ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ مسافر خاتون کو طبی دیکھ بھال کیلئے چنئی کے راجیو گاندھی جنرل اسپتال بھیجا گیا۔
شیوا جی نے ایک خاتون مسافر کو بچانے میں اپنی بَروقت حاضر دماغی کا مظاہرہ کرنے کیلئے کافی لوگوں کا دل جیت لیا۔ ریلوے کے انسپکٹر جنرل پون مانک ویل نے شیوا جی کی بر وقت کارروائی کیلئے ان کی تعریف کی اور شیوا جی کو موقع پر ہی پانچ ہزار کا نقد انعام پیش کیا۔