نئی دہلی، ریلوے کی وزارت بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ کے موقع پراپنے پورے نیٹ ورک میں 15ستمبر سے 2؍اکتوبر 2018 تک سؤچھتا ہی سیوا پکھواڑا منائے گی۔
پکھواڑے کے لئے تفصیلی رہنما خطوط تیار کئے گئے ہیں اور بھارتی ریلوےکے ہر یونٹ اور پورے نیٹ ورک کو بھیجے گئے ہیں اور پورا نیٹ ورک 15 روزہ ‘‘پکھواڑہ’’ منانے کےلئے تیاری کر رہا ہے۔ ریلوے اور کوئلے کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے ریلوے انتظامیہ کوہدایت دی ہےکہ وہ اس پکھواڑے کو زبردست کامیاب بنائیں اور ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اشونی لوہانی نے بھی تمام عہدیداروں اور تمام محکموں کے عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس مہم کے بارے میں آگاہ رہیں اور سؤچھتا پکھواڑے کے دوران مختلف سرگرمیوں میں شامل رہیں۔
سؤچھتا ہی سیوا کو ایک زبردست کامیاب اقدام بنانے کےلئے سوشل میڈیا، نکڑ ناٹکوں، آڈیو؍ویڈیو کلپ وغیرہ کے ذریعے جامع بیداری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں مسافروں، طلبہ، عملے کے کنبوں، پنشن پانے والوں، خود امدادی گروپوں اور دیگر فریقوں کو سؤچھتا ہی سیوا پکھواڑے کی مختلف سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔