نئی دہلی، ریلوے کے وزیر نے آج 24 جون 2020 کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے زونل ریلویز اور ریلوے پی ایس یو کے ساتھ میٹنگ کے دوران غریب کلیان روزگار ابھیان کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
20جون کو عزت مآب وزیر اعظم کے ذریعے افتتاح کے بعد سے غریب کلیان روزگار ابھیان 6 ریاستوں اترپردیش، بہار، راجستھان، مدھیہ پردیش، اڈیشہ اور جھارکھنڈ کے 116 نشان زد اضلاع میں جاری ہے۔
ریلوے بورڈ کے چیئرمین جناب ونود کمار یادو نے آج غریب کلیان روزگار ابھیان پیش رفت کے سلسلے میں جنرل منیجروں (جی ایم) اور ڈویژنل ریلوے منیجروں (ڈی آر ایم) اور پی ایس یو کے منیجنگ ڈائریکٹروں (ایم ڈی) کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ایک میٹنگ کی۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جناب یادو نے زونل ریلوے کو ہر ضلع کے ساتھ ہی ریاستوں میں نوڈل افسروں کی تقرری کرنےکی ہدایات دیں تاکہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ بہتر تال میل قائم کیا جاسکے۔ جناب یادو نے زونل سطح کے ریلوے انتظامیہ کو پروجیکٹوں سے مہاجرین کے جڑاؤ کو یقینی بنانے کی سمت میں سرگرمی کے ساتھ کام کرنے اور اس سلسلے میں ادائیگی کرنے کی ہدایت دی۔
زونل ریلویز کو ان نشان زد اضلاع میں سبھی زیر تعمیر بنیادی ڈھانچے سے متعلق کاموں کے نفاذ میں تیزی لانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ تقریباً 160 بنیادی ڈھانچہ جاتی کاموں کی نشان دہی کی گئی ہے، جن میں تیزی لائی جانی ہے۔ ان سے ہزاروں ورکر جڑیں گے اور ایک اندازے کے مطابق اکتوبر 2020 تک ان سے 8 لاکھ انسانی دن کے برابر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان اضلاع میں تقریباً 1800 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔
ریلوے میں ایسے ریلوے کے کاموں کی نشان دہی کی ہے جنھیں منریگا کے توسط سے پورا کیا جاسکتا ہے۔ ان کاموں میں (i) لیول کراسنگ کے لئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور رکھ رکھاؤ، (ii) ریل کی پٹریوں سے متصل تلچھٹ سے بھرے ہوئے آبی راہوں، کھائیوں اور نالیوں کا فروغ اور ان کی صفائی، (iii) ریلوے اسٹیشنوں کو جانے والے رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور رکھ رکھاؤ، (iv) موجودہ ریلوے پشتوں / کٹنگز کی مرمت اور اسے چوڑا کرنا، (v) ریلوے کی زمین پر دور دراز کی بانؤنڈری پر درخت لگوانا اور (vi) موجودہ پشتوں / کٹنگز / پلوں کے لئے حفاظتی کام شامل ہیں۔
زونل ریلویز کو منریگا کے تحت مجوزہ کاموں کے لئے منظوری لینے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ زونل ریلویز کے ذریعے روزمرہ کی بنیاد پر کاموں کی نگرانی کی جائے گی اور اکتوبر 2020 کے آخر تک ہر جمعہ کو وزارت کو اس سلسلے میں ایک رپورٹ سونپی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کووڈ-19 کے وبائی بحران سے متاثرہ مہاجر ورکروں کی بڑی تعداد میں گھر واپسی کو دیکھتے ہوئے علاقوں / گاؤوں کو بااختیار بنانے اور مزدوروں کو روزی روزگار دستیاب کرانے کے مقصد سے 20 جون 2020 کو غریب کلیان روزگار یوجنا ابھیان کے نام سے ایک بڑی روزگار نیز دیہی عوامی کام کی ایک مہم شروع کی تھی۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ غریب کلیان روزگار ابھیان کے تحت دیرپا دیہی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے 50000 کروڑ روپئے کی رقم خرچ کی جائے گی۔
125دن کی مہم میں ایک مشن کے طور پر کام کیا جائے گا، جس میں 6 ریاستوں بہار، اترپردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، جھارکھنڈ اور اڈیشہ کے 116 اضلاع میں ہر لوٹنے والے مہاجر مزدوروں کو دھیان میں رکھتے ہوئے 25 زمرے کے کاموں / سرگرمیوں کے نفاذ پر زور شامل ہوگا۔ اس ابھیان کے دوران 50000 کروڑ روپئے کے عوامی کام کرائے جائیں گے۔
یہ ابھیان 12 مختلف وزارتوں / محکموں، یعنی دیہی ترقیات، پنچایتی راج، سڑک نقل و حمل و شاہراہوں، کان کنی، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی، ماحولیات، ریلویز، پٹرولیم و قدرتی گیس، جدید و قابل تجدید توانائی، سرحدی سڑکوں، ٹیلی مواصلات و زراعت کی ملی جلی کوشش ہوگی۔ اس سے 25 عوامی بنیادی ڈھانچہ جاتی کاموں اور روزی روزگار کے مواقع میں اضافے سے متعلق کاموں کے نفاذ میں تیزی لائی جائے گی۔