نئی دہلی، وزارت ریلوے نے دہلی صفدر جنگ ریلوے اسٹیشن کی ازسرنو ترقی کے کام کو، ارکون اور ریل لینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ایل ڈی اے ) کو سونپا ہے۔ ا س سلسلے میں ریلوے نے آر ایل ڈی اے کے دفتر اور اس ریلوے اسٹیشن کے فضائی اسپیس سمیت ریلوے اسٹیشن کے آس پاس واقع ریلوے کی اراضی کے تجارتی مضمرات کو ان دونوں اداروں کے ذریعہ استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ وزیر ریلوے جناب سریش پربھاکر پربھو کی موجودگی میں ، ریل لینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ایل ڈی اے)، جو وزارت کے تحت ایک سرکاری دائرہ کی صنعت ہے ، نے وزارت ریلوے کے تحت سرکاری دائرہ کار کی صنعت، ارکون انٹرنیشنل لمیٹیڈ کے ساتھ ایک مفاہمتی عرضداشت پر دستخط کئے ہیں۔
آر ایل ڈی کے وائس چیئرمین جناب راکیش گوئل اور ارکون کے سی ایم ڈی جناب ایس کے چودھری نے مذکورہ مفاہمتی عرضداشت پر دستخط کئے ہیں۔ دہلی صفدر جنگ اسٹیشن کو از خود سرمایہ کاری کے نمونے کی بنیاد پر ترقی دیئے جانے کی تجویز ہے ۔ اس کے لئے سرمایہ کی بہم رسانی ، اسٹیشن کے آس پاس کی ریلوے اراضی کے بلٹ – اپ ایریا کی تجارتی مارکیٹنگ کے توسط سے کی جائے گی۔ اس مقصد کے تحت ریلوے کی فاضل اراضی اور فضائی گنجائش کو اسٹیشن کی ترقیات کے پروجیکٹ کے حصے کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ اراضی اور تعمیر شدہ عمارتیں آر ایل ڈی اے کی ملکیت اور زیر اختیار رہیں گی اور صرف تجارتی لحاظ سے بلٹ – اپ ایریا کو آر ایل ڈی اے کی جانب سے 45 برسوں کی مدت کے لئے پٹے پر دیا جائے گا۔ ارکون، اس پروجیکٹ کی ڈیزائن ، تعمیرات مکمل کرنے کا کام انجام دے گی۔ پروجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے میں ، اسٹیشن کے موتی باغ کی جانب کے حصے پر کام شرو ع ہوگا اور اسے جنوری 2019 تک مکمل کرلئے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔